پونیا نے بجلی کے بلوں میں فیول سرچارج میں اضافے کی مذمت کی

جے پور، اکتوبر۔ راجستھان کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے ریاست میں بجلی کے گھریلو صارفین پر اکیس پیسے فیصد فیول سرچارج میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی کانگریس حکومت سرچارج بڑھا کر لوگوں کے گھروں کا بجٹ بگاڑ رہی ہے۔ ڈاکٹر پونیا نے اس معاملے میں آج یہاں اپنے بیان میں کہاکہ دیوالی میں عام طور پر تحفے دئے جاتے ہیں لیکن راجستھان میں کانگریس کی اشوک گہلوت کی حکومت سرچارج بڑھا کر ریاست کی عوام کو جھٹکا دے رہی ہے اورگھر کا بجٹ خراب کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں، کئی بار فیول سرچارج بڑھایا ہے اور اب پھر فیول سرچارج بڑھانے پر صارفین کو دو دو ہاتھ کرنے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ فیول سرچارج صرف 21پیسے بڑھائے ہیں لیکن اس کا صارفین پر375کروڑ کا بوجھ پڑے گا۔ انھوں نے کہا کانگریس حکومت نے ریاست میں سستی، معیاری اور پوری بجلی دینے کا عوام سے وعدہ کیا لیکن اب یہ بات صحیح ثابت ہونے لگی ہے کہ کانگریس آئی اور بجلی گئی۔ ڈاکٹر پونیا نے کہا کہ حکومت کے فیول سرچارج بڑھا دینے سے خواتین کا بجٹ بگڑا ہے اور اب خواتین کو اس حکومت کی شکل بگاڑ دینی چاہئے۔

Related Articles