جموں و کشمیر میں امن بگاڑنے کی سازشیں کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی: منوج سنہا

سری نگر، اکتوبر۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں امن کے ماحول کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں امن کو خراب کرنے کی سازشیں کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کو یہاں زیون علاقے میں واقع آرمڈ پولیس کمپلیکس میں منعقدہ پولیس یادگاری تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا جموں و کشمیر میں پولیس گذشتہ تین دہائیوں سے قابل تعریف کام کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا: ’امن و قانون کی بحالی ہو، دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہو، ٹریفک کا نظام ٹھیک کرنا ہو یا روزانہ بنیادوں پر رونما ہونے والی مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام ہو، پولیس ہر محاذ پر صف آرا ہے‘۔مسٹر سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کا شمار ملک کی بہترین فورسز میں کیا جاتا ہے جو انتہائی پیشہ ورانہ طریقے سے کئی محاذوں پر لڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا: ’جموں و کشمیر پولیس نے خطے میں امن کی بحالی اور دہشت گردی اور علاحدگی پسندی کی بیخ کنی کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں‘۔ان کا کہنا تھا: ’تاہم ابھی بھی کچھ ایسے عناصر موجود ہیں جو ہمارے ہمسایہ ملک کے ایما پر جموں و کشمیر میں خرمن امن کو نذر آتش کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں ایسے عناصر کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز، شہیدوں کے خاندان سے بہائے گئے ہر آنسو کے قطرے کا بدلہ لیں گے۔انہوں نے کہا: ’دہشت گردی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنا ہی شہیدوں کو سب سے بہتر خراج عقیدت ہوگا‘۔ان کا کہنا تھا:’جس طرح اقلیتی فرقے کے لوگوں اور غیر مقامی مزدورں کی ہلاکتوں کے خلاف عام لوگ سڑکوں پر آگئے اس سے یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ ملی ٹنسی بستر مرگ پر ہے اور اب یہ زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہ سکتی ہے‘۔کسی بھی سیاسی جماعت کا نام لئے بغیر منوج سنہا نے کہا کہ جو لوگ اپنے ذاتی مفادات کے لئے بے گناہوں کی ہلاکتوں کو جواز بخشنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ در اصل ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے لئے ایک چلینج ہیں۔انہوں نے کہا: ’مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ ضرورت پڑنے پر ایسے لوگوں کے خلاف بھی تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘جموں وکشمیر میں امن بحال کرنے کے لئے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے موصوف ایل جی نے کہا کہ پولیس نے ملی ٹنسی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے گذشتہ تین برسوں کے دوران بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا: ’ہم ملی ٹنسی اور علاحدگی پسندی کو ختم کرنے کے لئے کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا: ’یہ پولیس اور شہیدوں کی عظیم قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ آج راحت کی سانس لے رہے ہیں اور سماج کو بحیثیت مجموعی ایسے عناصر کا بائیکاٹ کرنا چاہئے جو آج بھی یونین ٹریٹری میں امن خراب کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جس کے لئے پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں‘۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نارکو ٹیرر کے نئے چلینج کے خلاف نبرد آزما ہےانہوں نے کہا: ’ہم پولیس کو نیا ساز و سامان اور دوسرے نئے وسائل بہم پہنچانے کے لئے پر عزم ہیں تاکہ دہشت گردی اور دوسرے متعقلہ چلینجز کا موثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے‘۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہیدوں کے کنبوں کی فلاح و بہبودی کے لئے پر عزم ہے۔

Related Articles