آسٹریلین کرکٹرز کی ہوشیاری، سلو اوور ریٹ سے بچنے کیلئے نیا طریقہ اپنا لیا

برسبین،اکتوبر۔آسٹریلین کرکٹ ٹیم میچ میں اپنے فائدے کے لیے قوانین تبدیل کرنے اور ان کے غلط استعمال کے حوالے سے مشہور ہے اور اب بھی سلو اوور ریٹ سے بچنے کے لیے ان کی ہوشیاری سے متعلق ٹیم کے کھلاڑی نے انکشاف کیا ہے۔رواں برس کے آغاز پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا تھا کہ اب ٹی ٹوئنٹی میچز میں سلو اوور ریٹ کی پنالٹی کے تحت سلو اووریٹ کے نتیجے میں فیلڈرز اننگز کے باقی اوورز میں 30 یارڈر کے دائرے کے اندر رہیں گے۔
سلو اوور ریٹ کیا ہوتا ہے؟وہ ٹیم جو بولنگ کر رہی ہو اسے ایک مخصوص وقت دیا جاتا ہے جس میں اس ٹیم کو اپنے اننگز مکمل کرنی ہوتی ہے یعنی بولنگ مکمل کرنی ہوتی ہے، اس کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ گراؤنڈ میں وقت ضائع کیے بغیر فیلڈنگ کی جائے اور بولرز وقت پر بولنگ کروائیں۔لیکن اب حال ہی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران آسٹریلین بولرز نے چالاکی اور دماغ کا استعمال کیا۔آسٹریلوی ٹیم نے وقت بچانے کے لیے بینچ پر بیٹھے کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو باؤنڈری کے پاس کھڑا کردیا تاکہ جیسے ہی چوکا یا چھکا ہو وارنر فوراً گیند فیلڈر کو دیں اور اس سے وقت بچے۔اس حوالے سے آسٹریلوی کھلاڑی آشٹن آگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ طریقہ کار اپنانے میں کوئی مضائقہ نہیں، اسے آپ ہمارے دماغ کا استعمال سمجھیں، یہ وقت بچانے کا بہترین طریقہ ہے’۔

 

Related Articles