یوگی کی زیادہ بارش سے متاثرہ اضلاع کے لیے ڈی ایم کو ہدایات

لکھنؤ، اکتوبر۔اتر پردیش کے تمام اضلاع میں پچھلے کچھ دنوں سے ہونے والی مسلسل بارش کو دیکھتے ہوئے، ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو زیادہ بارش سے متاثر ہونے والے اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں کو امدادی کاموں کا آپریشن اورموثر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلی کے دفتر کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق، یوگی نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹس کو ضرورت سے زیادہ بارش سے متاثرہ اضلاع میں پانی بھرے مقامات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر بھیجنے کے لیے فوری انتظامات کرنے چاہئیں۔ غور طلب ہے کہ ریاست کے دارالحکومت لکھنؤ سمیت آس پاس کے ایک درجن سے زیادہ اضلاع میں گزشتہ دو تین دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔اس کی وجہ سے پوروانچل اور بندیل کھنڈ کے سبھی علاقوں میں سیلاب اور پانی جمع ہونے کا مسئلہ گہرا ہوگیا ہے۔ اس کے پیش نظر انہوں نے پنچایتی راج، گاؤں کی ترقی، شہری ترقی، طبی اور صحت محکمہ، حیوانات اور دیگر محکموں کے افسران کو علاقے میں مسلسل سرگرم رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کو مسلسل متحرک اور چوکنا رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ زیادہ بارش سے پیدا ہونے والی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید بارشوں سے پانی جمع ہونے کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران فوری طور پر مشینری اور پمپ لگا کر پانی بھرنے کا مسئلہ دور کریں۔ اس کے علاوہ جہاں کہیں بھی اس آفت کی صورتحال میں جانی و مالی نقصان ہو، انتظامیہ فوری طور پر وہاں پہنچ کر مناسب امداد فراہم کرے۔

Related Articles