سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد سے جدہ میں بحرین کے شاہ حمد کی ملاقات

جدہ،ستمبر۔سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کا جدہ کے السلام محل میں خیرمقدم کیا ہے۔بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق شاہ حمد نے سعودی عرب کے 92 ویں قومی دن کے موقع پر شاہ سلمان کو مبارک باد دی اور مملکت کی کامیابی، خوش حالی اور سلامتی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔دونوں بادشاہوں نے سعودی عرب اور بحرین کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون، مشترکہ اقدام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بات چیت کی ہے۔دونوں بادشاہوں نے علاقائی اورعالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بحرین کے بادشاہ نے علاقائی استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ امن کو فروغ دینے اور وسیع تربھلائی کے نصب العین میں سعودی عرب کے اہم کردارکوسراہا۔سعودی ولی عہد نے شاہ حمد کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا۔اس میں وزیرمملکت اور کابینہ کے رکن شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز،وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز، نیشنل گارڈ کے وزیرشہزادہ عبداللہ بن بندربن عبدالعزیز،کابینہ کے رکن اورقومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹرمساعد بن محمد العیبان اور وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن محمد بن عبدالمالک آل الشیخ نے شرکت کی۔اس استقبالیہ میں بحرین کے بادشاہ کے ذاتی نمائندے شیخ محمد بن مبارک آل خلیفہ سمیت بحرینی حکومت کے اعلیٰ عہدے دار بھی شریک تھے۔ان میں شاہی دربار کے وزیر شیخ خالد بن احمدآل خلیفہ۔ سروے اینڈ لینڈ رجسٹریشن بیورو کے سربراہ شیخ سلمان بن عبداللہ آل خلیفہ،شاہ کے مشیربرائے میڈیا امور نبیل بن یعقوب الحمر اورخزانے اور قومی معیشت کے وزیرشیخ سلمان بن خلیفہ آل خلیفہ شامل تھے۔

Related Articles