دو معروف اداکاروں کی شادی کا انوکھا دعوت نامہ سامنے آگیا
ممبئی،ستمبر۔بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک اور مقبول جوڑی شادی کے بندھن میں بندھنے کیلئے تیار ہے، اپنی فلموں اور کرداروں کے منفرد انتخاب کے حوالے سے شہرت رکھنے والے ان دونوں اداکاروں نے شادی کا بھی انوکھا دعوت نامہ تیار کروایا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے اداکار علی فضل اور اداکارہ ریچا چڈھا اکتوبر کے پہلے ہفتے میں شادی کرنے جارہے ہیں۔ شادی کی مرکزی تقریب ممبئی میں ہوگی جس کے بعد ممبئی اور دہلی میں استقبالیہ کی تقاریب ہوں گی۔ اس سے قبل علی فضل اور ریچا چڈھا نے اپنی شادی کورونا وائرس کی وجہ سے مؤخر کردی تھی۔دونوں کی شادی کی خبریں تو کافی عرصے سے گرم تھیں تاہم اب ان کی شادی کا منفرد دعوت نامہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ علی فضل اور ریچا چڈھا کی شادی کا کارڈ اسکیچ آرٹسٹ پونیت گپتا نے ڈیزائن کیا ہے۔کارڈ کا جو خاکہ میڈیا پر گردش کر رہا ہے اس میں ایک ماچس کی ڈبیا ہے جس پر ایک لڑکے اور لڑکی کی تصویر بنی ہوئی ہے جو سائیکل چلا رہے ہیں اور اوپر ’کپل میچز‘ لکھا ہے۔ غور سے دیکھیں تو سرخ رنگ کے لباس میں جو لڑکی سائیکل چلا رہی ہے وہ ریچا چڈھا ہیں جبکہ دوسری سائیکل پر علی فضل موجود ہیں۔اس حوالے سے کارڈ کے ڈیزائنر پونیت گپتا کا کہنا ہے کہ ’کارڈ میں پرانے زمانے کا تھیم اس لیے رکھا گیا ہے کیوں کہ دونوں 80 کی دہائی کے ہیں اور اسے انڈین فلم پوسٹر کا لک بھی دیا گیا ہے کیوں کہ دونوں کا تعلق بالی وڈ سے ہے۔‘کارڈ کا نچلا حصہ دھندلا ہے تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے اس پر کچھ لکھا ہوا ہے، ممکن ہے کہ اس جگہ پر دونوں کی شادی کی تاریخ درج ہو جو وہ ابھی منظر عام پر لانا نہیں چاہتے ہیں۔اداکار علی فضل اور ریچا چڈھا کی جانب سے اس کارڈ کے حوالے سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔خیال رہے کہ علی فضل اور ریچا چڈھا دونوں کو فلم ’فقرے‘ سے شہرت ملی تھی جس کے بعد دونوں نے متعدد غیر روایتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ علی فضل نے ویب سیریز ’مرزا پور‘ سے بھی خاصی شہرت سمیٹی ہے جس کے تیسرے سیزن کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔