میٹرو ٹرین کے لئے رہنما ہدایات جاری:مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کرنے کے بعد ہی داخلہ کی اجازت
نئی دہلی،دہلی میٹروریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کی ٹرین چلانے کے لئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار(ایس او پی) بدھ کو اعلان کردیئے گئے جن میں ملازمین اور مسافروں کے لئے تفصیلی رہنما ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
شہری ترقیات اور رہائش کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری ایس او پی کے مطابق میٹر اسٹیشن کے اینٹری پوائنٹس پر مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کرنے کے بعد ہی انہیں داخلہ دیا جائے گا اور کنٹینمنٹ زون کے تمام اسٹیشنوں پر لوگوں کا داخلے اور باہر جانے کی ممانعت ہوگی۔ مسافروں اور عملہ کے لئے چہرہ کے لئے ماسک لازمی ہوں گا۔
پہلے مرحلہ میں سات، نو اور دس ستمبر کو میٹر و ٹرینیں چلیں گی۔ سات ستمبر کو ریلو لائن (سمے پور بادلی سے ہڈا سٹی سنٹر اور ریپڈ میٹرو، گروگرام) کا آپریشن صبح چار گھنٹے (سات بجے سے گیارہ بجے) اور شام کو بھی چار گھنٹے (شام چار بجے سے رات آٹھ بجے) تک ہوگا۔
اس کے بعد نو ستمبر کو لائن 3/4بلو لائن، دوارکا سیکٹر 21سے نوئیڈا الیکٹرونک سٹی، ویشالی اور لائن سات (پنک لائن) مجلس پارک سے شیووہار چلنی شروع ہوگی۔ یہ سروس بھی صبح اور شام کو چار گھنٹے تک رہے گی۔ اس میں صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک اور شام چار بجے سے رات آٹھ بجے تک میٹرو سروس دستیاب رہے گی۔
اسی مرحلہ میں دس ستمبر کو لائن ایک (رٹھالہ سے شہید استھل)، لائن پانچ (گرین لائن) کیرتی نگر۔ اندرلوک سے بریگیڈیر ہوشیار سنگھ اور لائن چھ (وائلیٹ لائن) کشمیری گیٹ سے راجہ ناہر سنگھ تک چلے گی اور اس کا وقت بھی صبح اور شام چار چار گھنٹے کا ہوگا۔ اس میں صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک اور شام چا ر بجے سے رات آٹھ بجے تک میٹر سروس دستیاب ہوگی۔
دوسرے مرحلہ میں 11ستمبر سے میٹرو خدمات شروع ہوں گی اور ا س میں میٹرو ٹرین سفر کا وقت چار گھنٹے سے بڑھا کر چھ گھنٹے کردیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں پہلے کی لائنوں کے علاوہ لائن آٹھ (مجنٹا لائن) جنک پوری مغرب سے بوٹونیکل گارڈ ن اور لائن نو(گرے لائن) دوارکا سے نجف گڑھ کی شروعات ہوگی۔ اس کا وقت صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک اور شام کو چار بجے سے دس بجے تک ہوگا۔
تیسرے مرحلہ میں 12ستمبر سے تمام لائنوں پر پورے دن میٹرو ٹرین صبح چھ بجے سے رات گیارہ بجے تک دستیاب ہوں گی۔ اس مرحلہ میں لائن ایک اور دو کے علاوہ (ایئرپورٹ ایکسپریس لائن) نئی دہلی سے دوارکا سیکٹر 21چلے گی۔