بابر ورلڈکپ میں کپتانی بھول کر بیٹنگ پر فوکس کریں: مہیلا جے وردھنےکا مشورہ

سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ریویو میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔
خیال رہیکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم یو اے ای میں ہونے والے ایشیاکپ میں صرف 68 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے،کپتان بابر اعظم نے آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بیٹر کی پوزیشن بھی کھو دی ہے۔مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بابر اعظم کی فارم پاکستان کے لیے تھوڑی پریشانی کا باعث ہے ، وہ جس طرح دوسال سے بیٹنگ کر رہے ہیں اس لحاظ سے یہ ٹورنامنٹ تشویش کا باعث ہے، اب بھی سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم ایک کوالٹی پلیئر ہیں۔مہیلا نے کہا ممکن ہے کہ ایشیاکپ کا حصہ ہونے اور پھر پاک بھارت میچ کا دباؤ ہو ، پاکستان نے ٹورنامنٹ میں بابر اعظم کی فارم کو مِس کیا، بابر اور رضوان نے ٹاپ آرڈر پر تسلسل سے رنز بنائے ہیں۔سابق کپتان نے کہا دو برسوں میں پاکستان کی کامیابی کی بنیاد ہی ان ٹاپ آرڈر بیٹرز کا رنز کرنا رہا ہے،تمام بڑے بیٹرز ایسے مرحلے سے ضرور گزرتے ہیں، مجھے یقین ہے بابر اعظم کم بیک کریں گے، ان کا کم بیک مضبوط طریقے سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بابر ایشیا کپ میں دو اچھی گیندوں پر آؤٹ ہوئے ،کچھ نارمل گیندوں پر آؤٹ ہوئے، جب آپ کے پاس کوالٹی پلیئر ہو تو اس پر غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے، ورلڈ کپ جیسے ایونٹ میں جانے سے قبل آپ کے اہم کھلاڑی کو پراعتماد اور ریلیکس ہونا چاہیے یہ تبھی ممکن ہے جب ان پر غیر ضروری دباؤ نہیں ہوگا۔مہیلا جے وردھنے نے بابر کو مشورہ دیا کہ ورلڈکپ میں بابر اعظم کپتانی اور ادھر ادھر کی چیزیں بھول جائیں اور بیٹر بنیں، جتنا ممکن ہو سکتا ہے بیٹر بن کر رہیں اور اس کے بعد گراؤنڈ میں کپتانی کا سوچیں۔انہوں نے کہا کہ کپتانی اور ٹیم کے اہم کھلاڑی کی ذمہ داریوں کو الگ الگ رکھنا ہوگا۔

Related Articles