صدر مرمو ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گی
نئی دہلی، ستمبر۔صدر دروپدی مرمو برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے 17 سے 19 ستمبر تک برطانیہ کا دورہ کریں گی اور حکومت ہند کی جانب سے تعزیت پیش کریں گی ۔ملکہ الزبتھ، جو دولت مشترکہ ممالک کی سربراہ اور برطانیہ کی سربراہ مملکت تھیں، 8 ستمبر کو انتقال کر گئیں۔ صدر محترمہ مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو برطانوی ہائی کمیشن کا دورہ کرکے ہندوستان کی جانب سے رسمی طور پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ہندوستان نے آنجہانی ملکہ کے اعزاز میں 11 ستمبر کو ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا تھا۔وزارت خارجہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ملکہ الزبتھ کے 70 سالہ طویل دور حکومت میں ہندوستان اور برطانیہ کے تعلقات پروان چڑھے اور مضبوط ہوئے۔ دولت مشترکہ کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے لاکھوں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کیا۔