ریلوے کا تقریباً 100 نئی خصوصی ٹرینیں شروع کرنے کا منصوبہ

ٹرینوں کی تعداد کا انحصار ریاستوں کی رضامندی پر ہوگا

نئی دہلی، ہندوستانی ریلوے کووڈ 19 لاک ڈاؤن کھلنے کے چوتھے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی مسافروں کے لئے مزید تقریباً 100 نئی خصوصی گاڑیاں چلانے پر غور و خوض کررہا ہے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کچھ اور خصوصی ٹرینیں شرو کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ریاستی حکومتوں سے بات چیت شروع ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹرینوں کی تعداد کا انحصار ریاستوں کی رضامندی پر ہوگا لیکن یہ تعداد 100 سے 110 کے آس پاس ہوسکتی ہے۔
اس وقت قریب 230 خصوصی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی خصوصی ٹرینوں کا فیصلہ بنیادی طور پر ٹریفک اور ٹکٹوں کی مانگ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان راستوں کو بھی ذہن میں رکھا جائے گا جہاں فی الحال کوئی بھی مسافر ٹرین دستیاب نہیں ہے۔ خصوصی ٹرینوں میں مخصوص زمرے کے علاوہ سبھی طرح کے رعایتی ٹکٹوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کووڈ 19 وبا کی وجہ سے ریل ٹریفک نظام میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ جسمانی دوری اور حفظان صحت کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ ایئر کنڈیشن کا درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس رکھا جارہا ہے۔ پینٹری بھی بند کردی گئی ہے۔ صرف پیکیڈ فوڈ دستیاب کیا جارہا ہے۔ صحت کی جانچ کے بعد ہی مسافروں کو اسٹیشن آنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

ریلوے ٹریفک کو معمولل کے مطابق شروع کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ذرائع نے جواب میں کہا کہ معمول کے ٹریفک کی بحالی کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ اگلے احکامات تک باقاعدہ ٹرینوں پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔

 

Advertisement

Related Articles