ویرات کوہلی ایک سال سے کیوں دل شکستہ تھے؟ پریس کانفرنس میں سب بتا دیا

دبئی،ستمبر۔ویرات کوہلی نے پاک بھارت میچ میں شکست کے بعد اپنی پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں سب کو حیران کر دیا، کوہلی نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے بہت دل شکستہ تھے۔حالیہ دنوں اپنی پرفارمنس پر کوہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اسی تنقید کے پسمنظر میں اپنی پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کی سائوتھ افریقہ سے شکست کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے بعد وہ بہت اچھی ذہنی کیفیت میں نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت انہیں ہمدردی اور سہارے کی اشد ضرورت محسوس ہو رہی تھی اور مہیندر سنگھ دھونی وہ واحد شخص تھے جنہوں نے اس دوران مجھ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مجھے سپورٹ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے سبقدوشی اختیار کی تو مجھے صرف ایک شخص نے میسیج کیا جن کے ساتھ میں ماضی میں کرکٹ کھیلتا رہا تھا، اور وہ دھونی تھے۔ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگوں کے پاس میرا نمبر ہے، بہت سارے لوگ مجھے مشورے دیتے رہتے ہیں، بہت سارے لوگ میرے کھیل کے بارے میں ٹی وی پر بیٹھ کر تبصرے کرتے ہیں مگر جب مجھے ان کی ضرورت تھی تب ان میں سے کسی نے بھی مجھے تسلی دینے یا ہمدردی کا اظہار کرنے کیلئے ایک مسیج تک نہ کیا۔ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ دھونی نے مجھے میرے مشکل وقت میں حوصلہ دیا، بھارتی کرکٹ میں دھونی وہ واحد شخص ہیں جن کے ساتھ مجھے دلی لگاؤ محسوس ہوتا ہے، مجھے ان سے کچھ نہیں چاہئے نہ ہی انہیں مجھ سے کچھ چاہئے لیکن آپ کا بہت ہی کم لوگوں کے ساتھ حقیقی لگاؤ ہوتا ہے اوریہ لگاؤ دو طرفہ تحفظ جیسا ہوتا ہے۔ خود پر ہونے والی تنقید کے پسمنظر میں اپنی پریس کانفرنس کے دوران کوہلی کا کہنا تھا کہ جب مجھے کسی کے ساتھ اس کے کھیل کے حوالے سے بات کرنی ہوتی ہے تومیں خود چل کر اس شخص کے پاس جاتا ہوں اور میں ذاتی حیثیت میں اس کے پاس پہنچتا ہوں، اسے مشورے دیتا ہوں کیونکہ پوری دنیا کے سامنے بیٹھ کر مشورے دینے کی میرے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو مجھے کچھ مشورہ دینا ہے تو آپ مجھ سے دوبدو بات کرسکتے ہیں، جب آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ مجھ سے حقیقت میں کچھ کرنے کا کہتے ہیں۔ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ مجھے اس بات کی پرواہ نہیں ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں اپنی کرکٹ پوری ایمانداری سے کھیلتا ہوں، جب بھی میں کھیلوں گا اپنی پوری ایمانداری سے کھیلوں گا۔

Related Articles