پردیس فلم کے گانے یہ دل دیوانہ میں شاہ رخ خان نہیں تھے،ہدایتکار کا انکشاف

ممبئی،ستمبر۔ بالی ووڈ سپر ہٹ فلم پردیس کے ہدایتکار سبھاش گھئی نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ فلم کے گیت یہ دل دیوانہ میں شاہ رخ خان کلوزاپ کے علاوہ کسی سین میں نہیں تھے۔این ڈی ٹی وی نیوز کے مطابق بالی ووڈ سپر ہٹ فلم پر دیس 1997 میں ریلیزہونے والی اس فلم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ فلم کے گانوں نے بھی کافی مقبولیت حاصل کی۔ ان ہی میں سے ایک گانے یہ دل دیوانہ جسے سونو نگم نیاپنی خوبصورت آواز میں گایا ، جس سے متعلق فلم کے ہدایتکار سبھاش گھئی نے دلچسپ انکشافات کیے اور بتایا کہ اس گانے میں شاہ رخ کلوز اپ کے علاوہ کسی سین میں تھے ہی نہیں۔ہدایتکار سبھاش گھئی نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں بتایا کہ ہم نے اس گانے کا میوزک صرف 2 دنوں میں ترتیب دیا تھا، ہمیں اندھیری میں ایک چھوٹا سا اسٹوڈیو ملا، میں نے وہاں سونو نگم کو بلایا اور ان سے کہا کہ آپ نے یہ گانا بلند آواز میں گانا ہے۔انہوں نے بتایا کہاس گانے کی عکس بندی کے لیے ہم نے بالکل آخر کا وقت مقرر کیا تھا۔ہدایتکار کا کہنا تھا کہ ویسے تو شاہ رخ خان پوری فلم کے دوران کافی معاون ثابت ہوئے تھے لیکن جب ہمارے پاس آخری کے دو دن باقی رہ گئے تو شاہ رخ کو بھی دو دن پہلے ہی نکلنا تھا کیونکہ گوری اس وقت حاملہ تھیں اور شاہ رخ کو ان کے پاس جانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ شوٹنگ کے دنوں کو مزید دو سے تین دن نہیں بڑھا سکتے اور انہیں فوری دہلی کے لیے نکلنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے تو اس گیت کو لاس اینجلیس میں فلمایا گیا پھر اگلے دن شاہ رخ کو نکلنا تھا تو میں نے ان سے درخواست کی کہ وہ صبح میں 7 بجے آجائیں، کار تیار تھی کہ وہ اس گانے کے لیے کار کے سین میں تین کلوز اپ شاٹس دے دیں۔سبھاش گھئی کا کہنا تھا کہ ہم نے اس گیت کی عکس بندی صرف 2 گھنٹوں میں پوری کرلی تھی، جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس گیت میں مختلف لوکیشنز ہیں، کوئی ایک لوکیشن نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس گانے کے دوران کار کے دور کے مناظر میں شاہ رخ خان موجود نہیں تھے، ان کی جگہ پر ان کے ڈپلیکیٹ کو بٹھایا گیا تھا۔

 

Related Articles