سوشانت سنگھ کیس: ریحا سے سی بی آئی نے تیسرے دن بھی پوچھ گچھ کی

پوچھ گچھ کے لئے ریحا کے علاوہ ان کے بھائی شووک چکورتی کو بھی سانتا کروز کے کلینا میں واقع ڈی آر ڈی او گیسٹ ہاؤس بلایا

ممبئی، بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں قومی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مسلسل تیسرے روزاتوارکو ان کی معشوقہ اور اداکارہ ریحا چکرورتی سے پوچھ گچھ کی۔ذرائع کے مطابق سی بی آئی نے اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے ریحا کے علاوہ ان کے بھائی شووک چکورتی کو بھی سانتا کروز کے کلینا میں واقع ڈی آر ڈی او گیسٹ ہاؤس بلایا ۔ اس سے قبل سنیچر کے روز بھی خصوصی تفتیشی ٹیم نے ریحا سے اس معاملے میں سات گھنٹوں سے زیادہ وقت تک پوچھ گچھ کی تھی۔ سوشانت کی موت کے معاملے کی تحقیقات کرنے کے لئے سی بی آئی کی خصوصی ٹیم دہلی سے آئی ہے ، جو ڈی آر ڈی او گیسٹ ہاؤس میں مقیم ہے۔
ریحا پر سوشانت کو خود کشی کے لئے اکسانے کا الزام ہے ۔ واضح رہے کہ 14 جون کو سوشانت اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے ۔
سوشانت کی موت کے معاملے میں 27 اگست کواس وقت ایک نیا موڑ آگیا تھا ، جب واٹس ایپ پر ریحا اور دوسرے لوگوں کے درمیان ہوئی بات چیت کے کچھ حصے میڈیا میں سامنے آ گئے تھے ،اس بات چیت میں مبینہ طورپر منشیات کا ذکر کیا گیا تھا ۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیش مکھ نے سنیچر کے روز کہا تھا کہ انہیں سوشانت معاملے میں منشیات کے مبینہ کاروبار کی تحقیقات کے لئے کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں جس کو وہ سی بی آئی کو سونپ دیں گے ۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ایک سہ رکنی ٹیم دہلی سے ممبئی گئی ہے، جواس معاملے میں منشیات کے متعلق جانچ کرے گی ۔ اس کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ بھی ریحا کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔

Advertisement

Related Articles