رواں تعلیمی سیشن میں بھی ملے گااسکولی بچوں کو تدریسی مواد:کابینہ کی منظوری

لکھنؤ:جولائی۔ اترپردیش کی یوگی حکومت نے رواں تعلیمی سیشن۔2022۔23 میں بھی ریاست کے سبھی سرکاری اسکولوں میں جماعت اول تا ہشتم تک کے طلبہ کو اسکولی ڈریس اور تدریسی کتب مفت میں فراہم کرنے کی اسکیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں منگل کو اس ضمن میں پیش کی گئی تجویز پر مہر ثبت کردی گئی۔ اس کے تحت ریاست کے سبھی سرکاری اسکول پرائمری اور اپر۔ پرائمری اسکولوں اور غیر سرکاری منظور شدہ پرائمری اور پری۔ سکنڈری اسکولوں میں جماعت اول تا ہشتم کے طلبہ۔ طالبات کے استعمال کے لئے مفت ڈریس، سویٹر، جوتا۔ موزہ۔اسکولی بیگ اور کتاب کاپی وغیرہ اسٹیشنری کی رقم ڈائرکٹ طلبہ کے سرپرستوں کے کھاتے میں ٹرانسفر کی جائے گی۔اس کے ساتھ ہی کابینہ نے محکمہ مالیات کے ذریعہ ہر سال مرکزی حکومت سے موصول ہونے والے حصے کا انتظار کئے بغیر مفت یونیفارم، سویٹر، جوتا۔موزہ، اسکول بیگ اور اسٹیشنری کے مد کی مکمل بجٹ کو جاری کرنے کو بھی منظور دی ہے۔ اس سے تمام طلبہ۔ طالبات کے مفاد کے لئے مذکورہ بالا اشیاء پر خرچ ہونے والی رقم کو ان کے سرپرستوں کے بینک اکاونٹ میں ٹرانسفر کی جاسکے گی۔کابینہ نے مستقبل میں کسی کاروائی یا شرحوں میں ناگزیر حالات کی وجہ سے تبدیلی کی صورت میں فیصلے لئے جانے کے لئے وزیر اعلی کو اس کا مجاز کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس وقت جماعت اول تا ہشتم تک کے طلبہ و طالبات کومفت یونیفارم مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے بجٹ سے اور جوتا۔ موزہ۔ سویٹر، اسکول بیگ ریاستی حکومت کے بجٹ سے فراہم کئے جاتے ہیں۔

Related Articles