مودی نے 200 کروڑ ویکسین لگانے پر قوم کو مبارکباد دی

نئی دہلی، جولائی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 200 کروڑ کووڈ ویکسین لگانے پر ملک کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے۔ اتوار کو ایک ٹویٹ پیغام میں مسٹر مودی نے کہاکہ ’’ہندوستان نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے۔ تمام ہندوستانیوں کو کووڈ ویکسین لگانے کے 200 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے پر مبارکباد۔ ہمیں ان لوگوں پر فخر ہے جنہوں نے ملک کی ویکسی نیشن مہم کو بڑے پیمانے اور رفتار کے لحاظ سے غیر معمولی بنانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ اس سے کووڈ کے خلاف عالمی لڑائی کو تقویت ملی ہے۔ , وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا کے ٹویٹ کو بھی ٹیگ کیا ہے جس میں انہوں نے اس کامیابی کو حاصل کرنے کی اطلاع دی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں قومی کووڈ ویکسینیشن مہم کے 548 ویں دن آج 200 کروڑ کووڈ ویکسین کا ہندسہ عبور کر لیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 200 کروڑ سے زیادہ کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ چین کے بعد ہندوستان یہ کارنامہ انجام دینے والا دوسرا ملک ہے۔ ان کووڈ ویکسین میں کووڈ کی پہلی، دوسری اور تیسری ویکسین شامل ہیں۔ ہندوستان نے 18 مہینوں میں 200 کروڑ کووڈ ویکسین کا ہندسہ حاصل کیا ہے۔ ملک میں کووڈ کی پہلی ویکسین 16 جنوری 2021 کو لگائی گئی تھی۔

 

Related Articles