سود کی شرحوں میں مزید کمی ہوسکتی ہے ، آر بی آئی گورنر نے دیئے اشارے
ممبئی، ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر شکتی کانت داس نے سود کی شرحوں میں مزید کمی کرنے کے اشارے دیتے ہوئے آج کہا ہے کہ کورونا وبا سے معیشت کو بچانے کے لئے کئے گئے اقدامات کو جلدبازی میں نہیں ہٹایا جائے گا۔
مسٹر داس نے ایک ورچول کانفرنس میں کہا کہ سود کی شرح میں کمی ہو یا پھر دیگر پالیسی اقدامات کئے جائیں ان کے پاس ابھی اقدامات کرنے کا متبادل ہے۔
اس ماہ کے پہلے ہفتے میں جاری مالیاتی پالیسی جائزہ میں ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے ریپو نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ اس سے قبل مرکزی بینک نے گذشتہ دو اجلاسوں میں پالیسی کی شرح میں 1.15 فیصد کمی کی تھی۔
مسٹر داس نے بتایا کہ وبا کی روک تھام کے بعد معیشت کو مستحکم کرنےکے لئے احتیاط کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر مرکزی بینک کی جانب سے اعلان کردہ امدادی اقدامات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح یہ خیال نہیں کیا جانا چاہئے کہ آر بی آئی جلد ہی ان اقدامات کو واپس لے لے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کووڈ۔19 کی وبا اور دیگر پہلوؤں پر ایک مرتبہ واضح ہونے کے بعد آر بی آئی مہنگائی اور معاشی نمو کے بارے میں اپنی پیش گوئی کرنا شروع کردے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طورسے بینکاری کا شعبہ مستحکم ہے اور سرکاری شعبے کے بینکوں کا انضمام صحیح سمت میں اٹھایاگیا ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کا سائز اہم ہے لیکن کارکردگی اس سے زیادہ اہم ہے۔