میں دباؤ کے باعث درمیان میں کھیل سے لطف اندوز نہیں ہو رہی تھی: ہرمن پریت کور

کولمبو، جولائی۔ ہندوستان کی ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کی کپتان ہرمن پریت کور نے فی الحال اپنی اچھی فارم کا کریڈٹ خود سے ہوئی بات چیت کو دیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اب وہ میدان میں کھیل سے لطف اندوز ہونے لگی ہیں۔انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اب ان کے پاس کبھی بھی گیندبازی کرنے کی آزادی ہے جو پہلے ٹیم کی حکمت عملی اورگیم پلان کے تحت ممکن نہیں تھی۔ہرمن پریت نے سری لنکا کے خلاف 2-1 سے جیتنے والی ٹی 20 سیریز میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد تین ون ڈے میچوں میں مجموعی طور پر 119 رنز بنائے۔ اس میں تیسرے میچ میں 88 گیندوں پر 75 رنوں کی میچ وننگ اننگ بھی شامل تھی، جس سے ہندوستان نے بطورکل وقتی کپتان ان کی مدت کار کی پہلی ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا۔ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی کپتان پلیئر آف دی سیریزمنتخب ہوئیں۔ یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے کھیل سے لطف اندوز نہیں ہو رہی تھیں، ہرمن پریت نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ اس دورے پر ان کے تمام منصوبے کامیاب ہوئے۔ہرمن پریت نے کہا، یہ میرے لیے اہم ہے کہ میں ہر ایک لمحے سے لطف اندوز ہوسکوں، میں درمیان میں لطف اندوز نہیں ہو رہی تھی کیونکہ میں نے بہت دباؤ بنا رکھا تھا جو کسی پر بھی ہو سکتا ہے۔ میں اس مرحلے سے گزر رہی تھی لیکن اب میں لطف اندوز ہونے کا ارادہ رکھتی ہوں۔

 

Related Articles