مشرا نے 30 اکتوبر تک یونیورسٹیوں میں یکساں نصاب تیار کرنے کی ہدایات دیں

جے پور، جون۔راجستھان کے گورنر اور چانسلر کلراج مشرا نے نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق یونیورسٹیوں میں 30 اکتوبر تک اپڈیٹڈ اور یکساں مضمون وار نصاب تیار کرنے کی ہدایات دی ہیں۔مسٹر مشرا آج یہاں راج بھون میں ریاست کی سرکاری فنڈ سے چلنے والی یونیورسٹیوں کے ‘وائس چانسلر ڈائیلاگ’ میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لیے راج بھون کی سطح کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے مختلف مضامین کے مطابق یونیورسٹی وائس چانسلروں کے گروپ بناکر مقررہ وقت میں نصاب کو دور کے مطابق بنانے کام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں میں چوائس بیسڈ کریڈٹ سسٹم (سی بی سی ایس) اور یونیورسٹیوں میں کریڈٹ ٹرانسفر سمیت نئی تعلیمی پالیسی کو جامع انداز میں نافذ کرنے کے لیے سنجیدگی سے کوششیں کرنی ہوں گی ۔ مسٹر مشرا نے کہا کہ آنے والے یوم دستور (26 نومبر) سے قبل تمام یونیورسٹیوں میں کانسٹی ٹیوشن پارکس تیار ہو جائیں۔ انہوں نے کچھ یونیورسٹیوں میں کانسٹی ٹیوشن پارکس کی تعمیر میں درپیش عملی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ایگزیکٹو ایجنسی آر ایس آر ڈی سی سے بات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چانسلر نے کہا کہ جن یونیورسٹیوں نے ریڈ کراس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، وہ اپنے طلباء کی ریڈ کراس کی سرگرمیوں سے متعلق تربیت جلد از جلد شروع کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ باقی یونیورسٹیوں کو بھی ریڈ کراس کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہیے اور طلبہ کو اس میں شامل ہونے کی ترغیب دینی چاہیے۔ انہوں نے یونیورسٹیوں کے گود لیے گئے گائوں میں طلباء کی سرگرمیاں بڑھانے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے طلباء میں سماجی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔مسٹر مشرا نے یونیورسٹیوں میں سمسٹر سسٹم کے نفاذ اور تعلیمی کیلنڈر کے نظام پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیاں داخلہ کا عمل وقت پر مکمل کریں تاکہ طلباء کو پڑھنے کے لیے کافی وقت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں انٹیگریٹڈ مینجمنٹ سسٹم (ایس یو ایم ایس) نافذ کیا جائے، تاکہ یونیورسٹیوں کے موثر انتظام کو ہر سطح پر مکمل شفافیت کے ساتھ یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles