فوج نے آسام میں سیلاب سے متاثرہ 3 ہزار سے زیادہ لوگوں کو بچایا

گوہاٹی، جون۔سیلاب سے متاثرہ آسام میں فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی جاری ہے اور اب تک تین ہزار سے زیادہ متاثرہ افراد کو بچایا جا چکا ہے۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکار آسام کے ہوجائی، بکسا، نلباری، بارپیٹا، درانگ، تامول پور اور کامروپ میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے امدادی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ فوج نے سیلاب کی امدادی کارروائیوں کے لیے آسام کے مختلف مقامات پر 11 کمپوزٹ کالم تعینات کیے ہیں۔بیان میں کہا گیا، ’’آسام کے مختلف حصوں میں شدید بارش جاری ہے اور خطرے کے نشان سے اوپر بہنے والی ندیاں دیہی اورشہری علاقوں میں سیلاب اور پانی جمع ہونے کا سبب بن رہی ہیں۔ فوج سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد میں مصروف ہے۔آسام میں سیلاب کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ ہفتے کے روز آٹھ نئی اموات کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کی تازہ ترین نقصان کی رپورٹ کے مطابق کل 118 ریونیو ڈویژن سمیت ریاست کے 32 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں۔ فصل سے متاثرہ رقبہ 66455.82 ہیکٹر ہے۔اے ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید آٹھ اموات کے بعد کل 62 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ( سیلاب میں 51 اور لینڈ سلائیڈنگ میں 11لوگوں کی موت ہوئی ہے)۔ ہفتہ تک تمام متاثرہ علاقوں میں 514 ریلیف کیمپ اور 302 ریلیف ڈسٹری بیوشن مراکز کھولے گئے ہیں۔

Related Articles