یوپی:اگنی پتھ اسکیم کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج،یوگی کا بہکاوے میں نہ آنے کی نصیحت

لکھنؤ:جون۔مرکزی حکومت کے ذریعہ فوج میں تقرری کے لئے اعلان شدہ نئی اسکیم’اگنی پتھ‘ کی مخالفت میں جہاں ریاست کے متعدد شہروں میں فوج میں سروس کا خواب دیکھنے والے نوجوان احتجاج کررہے ہیں وہیں دوسرے جانب ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس اسکیم کے حوالے سے نوجوانوں کو کسی بھی قسم کے بہکاوے سے بچنے کی نصیحت دی ہے۔موصول رپورٹ کے مطابق نوجوانوں نے بلند شہر، گونڈہ، گورکھپور، علی گڑھ، اناؤ،ہاتھرس، فیروزآباد اورآگرہ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے فوج میں تقرری کے پرانے طریقہ کار کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔بلند شہر میں فوج کی تیاری کرنے والے نوجوانوں نے مرکزی حکومت کی اس نئی اسکیم کے خلاف بھور کراسنگ اور کھرجا بس اسٹینڈ پر احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے قومی پرچم کو لہرایا۔سراپا احتجاج نوجوانوں نے اگنی پتھ اسکیم کو نوجوانوں کے مستقبل اور کیرئیر سے کھلواڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی اس بات کی فکر نہیں ہے کہ محض چار سالوں کے اندر سبکدوش ہونے والے اگنی ویروں کو دوبارہ روزگار کہاں اور کیسے ملے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ متعدد مہینوں سےفوج میں تقرری کے لئے تیاریاں کررہے تھے۔لیکن اگنی پتھ اسکیم کا اعلان کر کے حکومت نے ان کے مستقبل کو تاریک کردیاہے۔سہارنپور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ کچھ نوجوان نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلے تھے لیکن انہیں مطمئن کر کے واپس بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس الرٹ ہے اور اچکتی نظر بنائے ہوئے ہے ضلع میں کہیں بھی کسی قسم کے احتجاج و مظاہرے و دھرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ضلع آگرہ میں حکومت کی اس اسکیم سے مشتعل نوجوانوں نے متعددمقامات پر احتجاج کیا اور باہ میں بس کو نقصان پہنچایا۔صدر علاقے میں آرمی تقرری آفس سے شروع ہونے والا احتجاج شہر کے دیگر حصوں میں پھیل گیا۔مظاہرین نے آگرہ۔لکھنؤ اپکسپریس وے کو بھی بلا ک کردیا۔مظاہرین نے ایم جی روڈ کو بھی بلاک کردیا جس سے ٹریفک جام لگ گیا۔ٹریفک جام و روڈ بلاک کی خبر ملتے ہی سینئر افسران موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے بات کی۔ اس دوران نوجوانوں نے کہا کہ 20جون تک مرکزی حکومت سے اس اسکیم کو واپس لے لینا چاہئے بصورت دیگر وہ دہلی کی جانب مارچ کرنے کومجبور ہونگے۔ریاست کے مختلف شہروں سے احتجاج کے دوران وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹوئٹر کا سہارا لیا اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا’نوجوان ساتھیو!اگنی پتھ اسکیم آپ کے زندگ ی کو نئے ایام فراہم کرنے کے ساتھ ہی روشن مستقبل کا بنیاد بنے گی آپ کسی بہکاوے میں نہ آئیں۔انہوں نے آگے لکھا مادر ہند کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہمار’اگنی ویر‘قوم کا بیش قیمتی سرمایہ ہونگے اور یوپی حکومت اگنی ویروں کو پولیس و دیگر خدمات میں ترجیح دے گی‘۔قابل ذکر ہے کہ 14جون کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوج میں تقرری کے لئے حکومت کی نئی اسکیم’اگنی پتھ‘کا اعلان کیا تھا۔حکومت نے اس اسکیم کا مقصدفوج میں اصلاحات کے دعوی کے ساتھ جوانوں کی عمر 32 سال سے کم کر کے گذشتہ 6۔7سالوں میں 26 سال کرنے کو بتایا ہے۔اس اسکیم کے مطابق چار سال کی تکمیل کے بعد 25فیصدی اگنی ویروں کو ریگولر کیڈر کے طور پر لیا جائے گا جبکہ 100فیصدی امیدوار والنٹری بنیاد پر ریگولر کیڈر کے لئے درخواست دے سکیں گے۔اس اسکیم کے مطابق اگنی ویروں کو پرکشش ماہانہ مشاہرے کے ساتھ تینوں افواج میں ملنے والے الاونسز دئیے جائیں گے۔اور چار سالوں کی خدمت مکمل ہونے کے بعد اگنی ویروں کو ’سیوا ندھی‘پیکج دیا جائے گا۔

 

Related Articles