ستیندر جین کی درخواست ضمانت پر منگل کو سماعت ہوگی

نئی دہلی، جون ۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی حراست میں دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی درخواست ضمانت پر دہلی کی ایک خصوصی عدالت منگل کو سماعت کرے گی۔ای ڈی نے مسٹر جین کو آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں 30 مئی کو گرفتار کیا تھا۔عدالت نے 9 جون کو ای ڈی کی عرضی پر انہیں 13 جون تک حراست میں رکھے جانے کا حکم دیاتھا۔ جانچ ایجنسی نے کہا تھا کہ اسے تحقیقات کے سلسلے میں ایسے کچھ لوگوں سے مسٹر جین کاسامنا کرانا ہے جن کے گھروں کی اس نے تلاشی لی ہے۔ای ڈی نے منگل کو کہا کہ اس نے دہلی کے وزیر صحت اور ان کے دیگر مقامات پر چھاپے مار کر 2.85 کروڑ روپے نقد، 1.80 کلوگرام سونے کے کل 133 سکے نیزدستاویزات اور ڈیجیٹل ریکارڈ برآمدکئے ہیں۔ای ڈی نے کہا کہ اس کارروائی میں مسٹر جین/پونم جین اور انہیں منی لانڈرنگ کی کارروائی میں براہ راست اور بالواسطہ مدد کرنے یا اس میں حصہ لینے والے انکش جین، ویبھو جین، نوین جین اورسدھارتھ جین (میسرز رام پرکاش جیولرز پرائیویٹ لمیٹڈ)، جی ایس متھرو (پروڈنس اسکول چلانے والے لالہ شیر سنگھ جیون وگیان ٹرسٹ کے چیئرمین)، یوگیش کمار جین (ڈائریکٹر/ رام پرکاش جیولرز پرائیویٹ لمیٹڈ)، میسرز لالہ شیر سنگھ جیون وگیان ٹرسٹ کے ٹھکانوں پرتلاشی لی گئی۔ای ڈی نے کہا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ میسرز لالہ شیر سنگھ جیون وگیان ٹرسٹ کےایک شخص نے مسٹر جین کی کمپنی سے ان کے ساتھیوں کو زمینوں کی منتقلی کے دکھاوے کے سودوں کے اندراجات درج کرائے تاکہ ان زمینوں کو الگ دکھاکر انہیں ضبط ہونے سے بچایا جاسکے۔ای ڈی نے سی بی آئی کی طرف سے نئی دہلی میں 24 اگست 2017 کو دائر کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کی جانچ شروع کی تھی۔ سی بی آئی نے مسٹر جین، ان کی اہلیہ پونم جین، اجیت پرساد جین، سنیل کمار جین، اجیت کے بیٹے ویبھو جین، سنیل کے بیٹے انکش جین کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 13(2) اور 13(1) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔اس سے قبل ای ڈی نے 31 مارچ، 2022 کوستیندر جین کے فائدے یا کنٹرول والی کمپنیوں کے 4.81 کروڑ روپے کے غیر منقولہ اثاثے قرق کئے تھے۔دریں اثنا، دہلی کے راؤس ایونیو کی ایک عدالت نے مسٹر جین کو منی لانڈرنگ کیس میں 14 دن کی عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا ہے۔ ان کی ای ڈی کی حراست آج ختم ہو رہی تھی۔ساتھ ہی سات روز قبل اس معاملے میں دائر کی گئی مسٹڑ جین کی درخواست ضمانت پر عدالت منگل کو سماعت کرے گی۔

 

Related Articles