متنازعہ تبصرہ کیلئے لیڈر کے خلاف بی جے پی کی کاروائی کے بعد احتجاج کا کوئی مطلب نہیں: نتیش

پٹنہ ،جولائی۔بہا رکے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج کہاکہ حال ہی میں ٹیلی ویژن چینل پر مباحثے کے دوران ایک خاص کمیونیٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے متنازع تبصرہ کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کا اپنے لیڈر کے خلاف کاروائی کئے جانے کے بعد کسی احتجاج کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔مسٹر کمار نے سموار کو یہاں ” جنتا کے دربار میں وزیراعلیٰ “ پروگرام کے بعد بی جے پی ترجمان رہیں نوپور شرما کے بیانات سے متعلق نامہ نگاروں کے سوال پر کہاکہ ” اس سلسلے میں بی جے پی نے کاروائی کی ہے ۔ کچھ مقامات پر مظاہرے بھی ہوئے ۔ جیسے ہی اس دن مجھے اس طرح کے واقعہ کا علم ہوا، میں دوسری چیزوں کا ریویو کررہا تھا لیکن اسے چھوڑ کر میں نے فوراً چیف سکریٹری سمیت انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو طلب کیا اور کہاکہ فورا ً اسے دیکھئے اور بہار میں کہیں اس طرح کی بات نہ ہو ۔ اگر کوئی بات ہوتی ہے تو اسے سنجیدگی سے دیکھیں۔ “وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر کسی نے کوئی بیان دیا ہے تو اس پر کاروائی ہوگی ۔ اس کے بعد بھی کچھ ہورہاہے تو اس پر ضرور دھیان رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ کتنا بھی اچھا کیجئے لیکن کچھ لوگ ہوتے ہیں جو جان ۔ بوجھ کر جھگڑاکروانا چاہتے ہیں۔ بہار میں کوئی ایسی صورتحال نہیں ہے ۔ سب ٹھیک ہے ، نارمل ہے ۔مسٹر کمار نے رانچی میں ہوئے واقعے سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ افسران کی پورے معاملے پر نظر رہے ۔ کہیں کوئی واقعہ ہوتاہے تو اس پر کاروائی ہونی چاہئے ۔ یہ حکومت کا کام ہے ۔ ہم لوگوں کے یہاں کوئی واقعہ ہوتاہے تو فورا ً کاروائی ہوتی ہے یہاں کے وزیر کے ساتھ وہاں جو کچھ ہوا ہے ، اس سے متعلق یہاں سے ساری باتیں کہی گئی ہیں۔ یہ ان کا فریضہ بنتاہے کہ وہ سب کچھ دیکھیں۔کسی کے ساتھ اس طرح کی بدسلوکی کرنا اچھی بات نہیں ہے ۔

Related Articles