جسٹن بیبر: پاپ سٹار جسٹن بیبر کے چہرے کو مفلوج کرنے والی بیماری رامسے ہنٹ سنڈروم کیا ہے؟

کینیڈا، جون۔ گلوکار جسٹسن بیبر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا چہرہ مفلوج ہو گیا ہے اور سنیچر کا کانسرٹ منسوخ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت فیشل پیرالاسز (یعنی جس بیماری میں چہرے کا حصہ مفلوج ہو جاتا ہے) کا شکار ہیں۔ 28 برس کے جسٹن بیبر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں بتایا کہ ان کے چہرے کے ساتھ جو کچھ ہوا اور ان میں جس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے اسے ’رامسے ہنٹ سنڈروم‘ کہا جاتا ہے۔ ان کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو یقیناً ان کی مداحوں کے لیے خاصی تکلیف دہ ہو گی اور اس ویڈیو میں وہ کہتے ہیں کہ ’جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میری آنکھ کھل نہیں رہی۔ میں اپنے چہرے کے متاثرہ حصے کی جانب سے مسکرا نہیں سکتا اور یوں میرے چہرے کا ایک حصہ مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔‘ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ رامسے ہنٹ سنڈروم اس وقت ہوتا ہے جب کسی کے کانوں کے قریب چہرے کے اعصاب کو ’شنگلز‘ کی وبا متاثر کرتی ہے۔ شنگلز دراصل جلد کی بیماری ہے جو اعصاب کو متاثر کرتی ہے۔ جسٹن بیبر کا ’جسٹس ورلڈ ٹوئر‘۔۔۔ جو فروری میں شروع ہوا تھا۔۔ اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔ کینیڈا میں پیدا ہونے والے گلوکار نے اپنے چہرے کے دائیں جانب اشارہ کرتے ہوئے تین منٹ کی ویڈیو میں کہا کہ ’یہ وائرس میرے کان اور میرے چہرے کے اعصاب پر حملہ کرتا ہے اور اس کی وجہ سے میرا چہرہ مفلوج ہو گیا ہے۔‘ انھوں نے اپنے مداحوں سے صبر کرنے کو کہا اور اپنے آنے والے شوز کے بارے میں کہا کہ وہ اس وقت ’جسمانی طور پر، ظاہر ہے، ان میں پرفارم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔‘ جسٹن بیبر ویڈیو میں مسکرائے اور اپنی پلکیں جھپکائیں تاکہ وہ اپنے 24 کروڑ فالوئرز کو دکھا سکیں کہ کس طرح ان کے چہرے کا دائیاں حصہ حرکت نہیں کر رہا۔ ’یہ کافی تشویش ناک ہے، جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں۔ کاش ایسا نہ ہوتا، لیکن ظاہر ہے، میرا جسم مجھے بتا رہا ہے کہ اب مجھے کچھ مصروفیات کم کرنا ہوں گی۔‘ انھوں نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ آپ لوگ سمجھ گئے ہوں گے۔ میں اس وقت کو صرف آرام اور سکون کرنے کے لیے استعمال کر سکوں تاکہ میں سو فیصد صحت یاب ہو جاؤں اور پھر میں وہی کر سکوں جو میں کرنے کے لیے پیدا ہوا ہوں۔‘ جسٹن بیبر نے کہا کہ وہ اس وقت چہرے کی ورزش کر رہے ہیں تاکہ وہ صحت یاب ہو سکیں۔ تاہم انھیں ابھی یہ معلوم نہیں ہے کہ مکمل تندرست ہونے تک انھیں کتنا وقت لگے گا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں جسٹن بیبر نے کہا کہ ’میں آپ لوگوں سے پیار کرتا ہوں، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ مجھے خدا پر یقین ہے۔۔۔‘ اس ہفتے کے آغاز میں انھیں واشنگٹن ڈی سی اور ٹورنٹو میں پرفارم کرنا تھا اور اس کے علاوہ نیویارک اور لاس اینجلس میں بھی آئندہ ہفتوں میں ان کے میوزک شو ہونے تھے۔ امریکہ میں میو کلینک کے مطابق ’دردناک شنگلز ریش کے علاوہ، رامسے ہنٹ سنڈروم جو چہرے کے فالج اور متاثرہ کان میں سماعت کی کمی کا سبب بن سکتا ہے۔‘ میو کلینک کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگوں کے لیے رامسے ہنٹ سنڈروم کی علامات عارضی ہیں لیکن یہ مستقل بھی ہو سکتی ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ’مریضوں کے لیے ایک پلک بند نہ کرنا بھی آنکھوں میں درد اور دھندلا پن کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے مطابق یہ مرض 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں زیادہ عام ہے۔‘ خیال رہے کہ مارچ میں گلوکار کی اہلیہ ہیلی بیبر کو دماغ میں خون جمنے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بعد میں انھوں نے بتایا کہ انھیں فالج کا دورہ پڑا تھا اور انھوں نے اپنے دل کے سوراخ کو بند کرنے کے لیے سرجری کروائی تھی۔ 1۔ کان کے اندر اور اس کے اردگرد پیپ سے بھرے چھالے کی طرح دانے بننا، جو درد کا باعث بھی بنتے ہیں۔. 2۔ چہرے کے پٹھوں کی کمزوری یا فالج ۔بعض اوقات ایسا ہو سکتا ہے کہ آپ کو بیک وقت فالج اور خارش کی شکایت ہو۔کچھ اور علامات بھی ہیں جیسا کہ کان میں درد، سماعت کا متاثر ہونا، کانوں کا بجنا، ایک آنکھ بند کرنا مشکل ہو جانا، چکر آنا، ہر چیز کا بے ذائقہ ہو جانا، منھ اور آنکھوں میں نمی کی کمی ہو جانا۔

Advertisement

 

Advertisement

Related Articles