مہاراشٹر: راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی نے تین سیٹیں جیت لیں

ممبئی، جون ۔اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہفتہ کو مہاراشٹر میں راجیہ سبھا کی چھ میں سے تین سیٹیں جیت لیں۔مہاراشٹر کے حکمراں اتحاد شیوسینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس نے گنتی میں آٹھ گھنٹے کی تاخیر پر سوال اٹھایا۔ دوسری جانب بی جے پی کی تین سیٹوں پر جیت کو حکمراں اتحاد کے لیے بڑا جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔بی جے پی کے جیتنے والوں میں مرکزی وزیر پیوش گوئل اور سابق ریاستی وزیر انل بونڈے اور دھنجے مہادک شامل ہیں۔شیوسینا کے سنجے راوت، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے پرفل پٹیل اور کانگریس کے عمران پرتاپ گڑھی نے بھی الیکشن جیتا ہے۔284 درست ووٹوں میں سے گوئل کو 48، بونڈے کو 48، مہادک کو 41، راوت کو 41، عمران پرتاپ گڑھی کو 44 اور پٹیل کو 43 ووٹ ملے۔ شیوسینا کے سنجے پوار صرف 33 ووٹ حاصل کر کے ہار گئے۔مقابلہ چھٹی سیٹ کے لیے تھا جس کے لیے بی جے پی نے سابق ایم پی دھنجے مہادک اور شیوسینا کے امیدوار سنجے پوار کو میدان میں اتارا تھا، جو ہار گئے۔ مہادک اور پوار دونوں مغربی مہاراشٹر کے کولہاپور کے رہنے والے ہیں۔بی جے پی کے دیویندر فڑنویس نے ٹویٹ کیاکہ ’’انتخابات صرف لڑنے کے لیے نہیں بلکہ جیتنے کے لیے لڑے جاتے ہیں۔‘‘ باہمی رضامندی سے راجیہ سبھا کا انتخاب نہیں ہونے کی وجہ سے ریاست میں 24 سال بعد انتخابات ہوئے۔

 

Related Articles