ہرسیاسی جماعت انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ہمیشہ تیار ہوتی ہے: محبوبہ مفتی

سری نگر، جون. پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ہمیشہ تیار ہوتی ہے۔حالیہ ہلاکتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وادی میں لوگ خاص طور پر پنڈت برادری کے لوگ سہمے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میلہ کھیر بھوانی میں عقیدت مندوں کی کم تعداد میں شرکت کرنا اسی ڈر کا نتیجہ ہے۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’حالیہ ہلاکتوں سے لوگ خاص طور پر پنڈت برادری کے لوگ سہمے ہوئے ہیں ان کو ٹرانزٹ کیمپوں میں بند کر دیا گیا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے خوف کے ماحول کی وجہ سے ہی میلہ کھیر بھوانی میں اس سال کم تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔بی جے پی کی ترجمان کی پیمبر اسلام (ص) کے خلاف نا زیبا الفاظ استعمال کرنے کے حوالے سے پوچھے جانے پر محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کی ترجمان نے امت مسلمہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے اس سے دنیا بھر کے مسلمان تکلیف میں ہیں۔انہوں نے کہا: ’پیمبر اسلام(ص) کے خلاف نازیبا الفاظ کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا ہے لیکن پچھلے کئی برسوں سے بی جے پی مسلمانوں کے خلاف ایک ماحول تیار کر رہا ہے کہ ان کو کیا پہننا ہے کیا کھانا ہے‘۔القاعدہ کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’میں کسی بھی قسم کی دھمکی کی مذمت کرتی پوں لیکن اس دھمکی سے بی جے پی کو یہ موقعہ ملے گا کہ وہ اپنے اس بیانیے کو جاری رکھے کہ ملک میں ہندو خطرے میں ہیں‘۔انہوں نے کہا: ’بی جے پی نے اپنی پارٹی کے ترجمان کے خلاف اس وقت تک کوئی کارروائی نہیں کی جب تک مسلمان ممالک نے غصے کا اظہار کیا اور ہندوستان کی چیزوں کا بائیکاٹ کرنے کی بات کی‘۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لوگوں کو باہر کے ممالک میں عزت کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے کہ یہ لوگ ایک سیکولر ملک سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اس طرح کی باتوں سے ملک کی شبیہ کو نقصان پہنچے گا۔انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: ’جب بھی الیکشن ہوں گے تو کوئی بھی سیاسی پارٹی ان میں حصہ لینے کے لئے ہمیشہ تیار ہوتی ہے‘۔

Advertisement

 

Advertisement

Related Articles