مودی کی قیادت میں ہندوستان کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملی : راجناتھ

نئی دہلی ، مئی۔وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے کامیاب آٹھ برسوں میں ہندوستان کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملی ہے اور ملک خوددار اور مضبوط قیادت والے ملک کے طور پر ابھرا ہے ۔ مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے کے موقع پر مسٹر سنگھ نے پیرکوسلسلہ وار ٹویٹ کرتےہوئے کہا’’ان آٹھ کامیاب برسوں میں ہندوستان کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملی ہے ۔ آج ہندوستان کو پوری دنیا میں ایک خوددار اور مضبوط قیادت والے ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے ۔ اس بڑی تبدیلی کا کریڈٹ ہمارے کامیاب وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی موثر قیادت اوران کے عزم کی قوت کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا ’’ مسٹرنریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہو گئے ہیں، جو حصولیابیوں اور کامیابیوں سے بھرے ہوئے ہیں ۔ عوامی اعتماد کو بنیاد بنا کر ان آٹھ سالوں میں ترقی، گڈ گورننس اور عوامی بہبود کے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں ۔ زندگی کے ہر شعبے میں تبدیلی لانے کے لیے گزشتہ آٹھ برسوں میں کی گئی کوششوں سے آج بہترنتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ آج ہندوستان میں نظام بدلا ہے ، گڈ گورننس قائم ہو چکی ہے۔ غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے دیانتداری اور صداقت کے ساتھ کام کیا گیا ہے جس کا فائدہ معاشرے کے ہر طبقے کو پہنچ رہا ہے ‘‘۔ مسٹرسنگھ نے کہا کہ مودی کے دور حکومت میں دفاعی شعبے میں کافی کام ہوا ہے اوراب ہندوستان کا شمار دفاعی مصنوعات برآمد کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ خواہ ملک کے دفاع کا معاملہ ہو یا معیشت کا، ہر محاذ پر ہندوستان کی پوزیشن پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو گئی ہے ۔ خود انحصار ہندوستان کے عزم کے ساتھ ہم تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور اس کا اثر دفاعی شعبے میں نظر آرہا ہے۔آج ہندوستان کا شمار دفاعی سامان برآمد کنندہ ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا’’ مرکزی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے پرمیں تمام ہم وطنوں کو مبارکباد اور شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ انہوں نے وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی موثر قیادت، ترقی اور گڈ گورننس کی ان کی پالیسیوں کے تئیں مسلسل اپنے اعتماد اور حمایت کا اظہار کیا ہے‘‘۔

Related Articles