ہندوستان 30 لاکھ سے زائد کورونا کیسزوالا دنیا کا تیسرا ملک

نئی دہلی ، ملک میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے متاثرہ افراد کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہندوستان اس تعداد کو عبور کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک ہو گیا ہے۔
دنیا میں اس وبا سے سب سے زیادہ سنگین طور سے متاثر امریکہ میں اب تک 56،67،112 افراد جان لیوا وبا سے متاثر ہو چکے ہیں اور1،76،353 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر برازیل میں اب تک 35،82،362 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1،14،250 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
ملک میں اگست سے کورونا وائرس کی کیسز یومیہ اوسطا 50 ہزار سے بڑھ کر 70 ہزار تک پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ 16 دنوں میں ، ملک میں کوروناوائرس کے کیسز 20 لاکھ سے بڑھ کر 30 لاکھ سے زیادہ ہوچکے ہیں۔
ملک میں دوسرے دن تقریبا 70 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 30.44 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
تاہم یہ اطمینان کی بات ہے کہ اس مہینے میں صحت مند افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور مریضوں کی شفایابی کی شرح تقریبا 75 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
اتوار کی صبح مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 69،239 نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 30،44،940 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران 57989 مریض صحت مند ہوئے جس سے کوروناکے شفایاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 22،80،566 ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مریضوں کی شفایابی کی شرح بڑھ کر 74.89 فیصد ہوچکی ہے۔
لیکن یہ تشویش کی بات ہے کہ اسی عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز میں 10 ہزار سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فعال کیسز میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10،338 کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ مجموعی 7،07،668 ہوگئی ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 912ہلاکتوں کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد 56706 ہوگئی۔ ملک میں سرگرم کیسز کی تعداد کی شرح 23.43 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.87 فیصد ہے۔

Related Articles