اننت ناگ میں پھر سے لاک ڈاؤن نافذ، لوگ برہم

سری نگر،  کورونا کیسز میں نمایاں اضافے کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جمعے سے تین دنوں کے لئے ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ کلدیپ کرشن سدھا کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ پورے ضلع میں 21 سے 23 اگست تک پابندیاں نافذ رہیں گی۔
لاک ڈاؤن کے پیش نظر ضلع میں جمعے کے روز تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی تاہم نجی گاڑیوں کو چلتے ہوئے دیکھا گیا۔
انتظامیہ نے ضلع میں لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لئے بھاری سیکورٹی بندوبست کیا ہے۔
ادھر مقامی لوگوں نے ضلع میں سر نو لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے 16 اگست سے پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد ضلع میں درج ہو رہے مثبت کیسز میں کوئی زیادہ اضافہ درج نہیں ہورہا ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے: ‘ضلع میں گزشتہ کچھ دنوں سے مثبت کیسز میں نمایاں اضافہ درج ہونے کے پیش نظر وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنا ضروری بن گیا ہے’۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں 21 سے 23 اگست تک تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہیں گے اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بند رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا کے متاثرین و متوفین کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔
یونین ٹریٹری میں اب تک کورونا سے از جان ہونے والوں کی تعداد چھ سو کے قریب پہنچ گئی ہے جن میں سے بیشتر کا تعلق وادی کشمیر سے ہے۔

Related Articles