ویسٹ انڈیز میں شکست، روٹ انگلش ٹیم کی قیادت سے مستعفی

لندن،اپریل۔انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا۔ انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کے باعث شکست سے دوچار ہوگئی تھی، اسی بناء پر جو روٹ نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔جو روٹ کی 5 سالہ کپتانی میں انگلش ٹیم نے 64 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں سے 27 میچز میں انگلش ٹیم کو کامیابی ملی جبکہ 26 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ان کی کپتانی میں ٹیم نے 27 ٹیسٹ میچز میں فتوحات حاصل کیں جو مائیکل وان کی 26 جبکہ سر الیسٹر کک اور سر اینڈریو سٹراس کی 24فتوحات سے زیادہ ہیں۔31سالہ جو روٹ نے بحیثیت انگلش کپتان مجموعی طور پر 5 ہزار 295رنز اسکور کیے جس میں ان کی 14 سنچریاں شامل ہیں۔جو روٹ کا استعفے کے اعلان کے بعد کہنا تھا کہ انگلش ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی اعزاز تھی جبکہ کپتانی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ فیملی سے مشورے کے بعد کیااب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔خیال رہے کہ انگلش ٹیسٹ ٹیم آخری 17 ٹیسٹ میچز میں سے صرف ایک ہی جیت سکی جبکہ آسٹریلیا کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی انگلینڈ ٹیم کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Related Articles