پوری امریکی قیادت کو ہلاک کر دینا بھی سلیمانی کے انتقام کے لیے کافی نہیں: ایران

تہران،اپریل۔ایرانی پاسداران انقلاب میں بری فوج کے کمانڈر محمد پاکپور کا کہنا ہے کہ "اگر تمام امریکی رہ نماؤں کو ہلاک کر دیا جائے تب بھی یہ قاسم سلیمانی کے قتل کے انتقام کے لیے کافی نہیں ہو گا”۔ پاکپور نے یہ بات آج بدھ کے روز جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔پاسداران انقلاب کی القدس فورس کا سابق کمانڈر سلیمانی جنوری 2020ء میں بغداد کے ہوائی اڈے کے نزدیک امریکی حملے میں مارا گیا تھا۔ادھر فارسی زبان کے امریکی ریڈیو چینل ( Farda Radio) نے انکشاف کیا ہے کہ قاسم سلیمانی کا معاملہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے سامنے آخری رکاوٹ ہے۔ریڈیو نے بتایا کہ جوہری بات چیت سے باخبر ذرائع کے مطابق پاسداران انقلاب کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی امریکی فہرست سے خارج کرنے کے لیے واشنگٹن کی ایک مرکزی شرط یہ ہے کہ ایرانی حکومت قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تحقیقات کو معطل کرنے پر کاربند رہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ امریکی سیکورٹی اداروں کے پاس ایسی تفصیلی معلومات ہیں جن کے مطابق تہران سلیمانی کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے الزام میں بعض سابق امریکی حکومتی ذمے داران کے خلاف اقدامات کا منصوبہ رکھتا ہے۔

 

Related Articles