بانپور کے رکن اسمبلی پرشانت جگدیب کے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی ، سات پولیس اہلکاروں سمیت 22 زخمی

بھونیشور، مارچ۔چلیکا کے رکن اسمبلی پرشانت جگدیب نے سنیچر کو بانپور بلاک دفتر کے سامنےموجود ہجوم پر مبینہ طور پر اپنی گاڑی چڑھادی ،جس کی وجہ سے سات پولس اہلکاروں سمیت کم از کم 22 افراد زخمی ہوگئے۔ کھردھا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ الیکھ چندر پاہی نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد مشتعل ہجوم نے پرشانت جگدیب کو بھی شدید زخمی کر دیا ۔ انہیں تانگی کے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن بعد میں پولیس نے انہیں بھونیشور کے ایک اسپتال میں منتقل کر دیا ۔ ہجوم نے رکن اسمبلی کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا، جسے حکمراں بی جے ڈی سے معطل کر دیا گیا تھا ۔ یہ واقعہ بانپور بلاک دفتر کے قریب پیش آیا جہاں بلاک کے چیئرمین کا الیکشن ہو رہا تھا اور کئی لوگ بلاک دفتر میں جمع تھے۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری پرتھی راج ہری چندن نے اس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے رکن اسمبلی کو اس کے غیر انسانی فعل کے لیے جیل بھیج دیا جانا چاہیے۔ مسٹر ہری چندن نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلی نوین پٹنائک ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں بانپور آئی آئی سی اور ایک مقامی شدید زخمی ہے ، جسے بھونیشور کے ایک اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے زیادہ تر بی جے پی کے کارکن ہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Related Articles