صدر جمہوریہ کے ہاتھوں 28 مشہور شخصیات کو ناری شکتی انعامات سے نوازا گیا

نئی دہلی، مارچ۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 28 خواتین کو 2020 اور 2021 کے ناری شکتی انعامات سے نوازا۔راشٹرپتی بھون میں منگل کے روز منعقدہ تقریب میں صدر جمہوریہ کی طرف سے ان شخصیات کو یہ اعزازات پیش کیے گئے۔ ان شخصیات میں تریپورہ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ایلا لودھ بھی شامل ہیں جنہیں بعد از مرگ یہ ایوارڈ دیا گیا۔ ان کے بیٹے نے ان کی طرف سے یہ اعزاز حاصل کیا۔سال 2020 کے لیے ناری شکتی کے اعزازات حاصل کرنے والوں میں ایک این جی او چلانے والی بہار کے بھوجپور کی انیتا گپتا، اترپردیش کے کھیری سے ہینڈ لوم بنکر اور ٹیچر آرتی رانا، تمل ناڈو سے کشیدہ کار جیا متھو اور تیجما، مدھیہ پردیش کے قبائلی فنکارجے بھائی بیگا، جموں و کشمیر سے زمینی سطح پر اختراعی کام کرنے والی ناصرہ اختر، کرناٹک سے نیورتی رائے، لداخ، جموں و کشمیر کی ایک معذور سماجی کارکن سندھیا دھر، مہاراشٹر کی کتھک رقاصہ ایس نند کشور اگوانے، گجرات سے تعلق رکھنے والی نامیاتی کسان اوشابین دنیش بھائی وساوا اور جنگلی حیات کے تحفظ کے شعبے میں کام کرنے والی مہاراشٹر کی ونیتا جگدیو بوراڈے شامل ہیں۔سال 2021 کے لیے ناری شکتی انعامات سے نوازے جانے والی مشہور شخصیات میں ہماچل پردیش سے ہینڈ لوم کی ماہر انشول ملہوترا، راجستھان سے لوک گلوکار بھٹول بیگم، مہاراشٹر سے مویشی پالنے والی کاروباری کمل کمبھار، چھتیس گڑھ سے سماجی کارکن مدھولیکا رام ٹیک، مغربی بنگال سے پروفیسر نینا گپتا، اتر پردیش سے ہندی مصنفہ نیرجا مادھو، گجرات سے مصنفہ نرنجنا بین مکل بھائی، ہریانہ کی کسان اور کاروباری شخصیت پوجا شرما، کرناٹک سے ملک کی پہلی مرچنٹ نیوی خاتون کیپٹن رادھیکا مینن، آندھرا پردیش یونیورسٹی میں پروفیسر پرسنا شری، اڈیشہ سے تعلق رکھنے والی شروتی موہاپاترا، اروناچل پردیش کے ایک کاروباری ٹی آر ٹکے اور تمل ناڈو کے ماہر نفسیات تارا رنگاسوامی شامل ہيں۔

Related Articles