بپلب یوکرین سے واپس آنے والے طلباء کو گھریلو سفر کے لیے اپنی تنخواہ سے مدد کریں گے

اگرتلہ، مارچ۔ تریپورہ کے وزیراعلیٰ بپلب کماردیب نے جنگ زدہ یوکرین سے واپس آنے والے ریاست کے طلباء کو دہلی سے گھریلو ہوائی جہاز کے کرایے میں اپنی تنخواہ سے تعاون دینے کا اعلان کیا ہے۔مسٹر دیب نے جمعہ کے روز دہلی میں تریپورہ بھون کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایسے طلباء کے لیے دہلی سے تریپورہ تک سفر کا انتظام کیا جائے اور وہ اس اخراجات کے لیے وہ اپنی تنخواہ میں سےتعاون دیں گے۔ مسٹر دیب نے ٹویٹر پر کہا’’میں تریپورہ کے لوگوں کے آشیرواد اور پیار کا مقروض ہوں ۔ میں نے یوکرین سے واپس آنے والے طلباء کے لیے دہلی-اگرتلہ پروازوں کے ہوائی کرایہ میں اپنی تنخواہ سے تعاون دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا’’ تریپورہ بھون نئی دہلی کے عہدیداروں کو یوکرین سے واپس آنے والے طلباء کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند ہندوستانی نژاد طلباء کو ان کے اہل خانہ سے ملانے کے لیے پرعزم ہے ‘‘۔یوکرین میں میڈیکل کے دو طالب علم میگھا ترویدی اور جیسمین دیو ورما، جو دہلی کے راستے گھر واپس آئے، نےجمعرات کو وزیر اعلیٰ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور جنگ زدہ ملک سے وطن واپسی میں مدد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تریپورہ حکومت نے اب تک یوکرین میں پھنسے ہوئے 33 طلباء کی شناخت کی ہے اور ان میں سے پانچ گزشتہ دو دنوں میں ملک واپس آچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ 24 دیگر طلباء جنگ سے متاثرہ علاقے کی سرحد عبور کر چکے ہیں۔

Related Articles