حارث رؤف کے کامران غلام کو تھپڑ مارنے پر شاہد آفریدی کا سخت رد عمل

کراچی،فروری۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے قلندرز اور زلمی کیمیچ کے دوران حارث رؤف کے کامران غلام کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر تبصرہ کیا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ اْن کی حارث سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ بہترین رہی، حارث سادہ سا بندہ ہے اور اس کی بولنگ سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کتنا جارح مزاج ہے۔انہوں نے کہا کہ حارث نے کوئی اچھی حرکت نہیں کی ہے، اس طرح کی حرکت ٹی وی پر نہیں ہونی چاہیے، دنیا بھر میں پی ایس ایل دیکھا جارہا ہے اور ایسے میں اس قسم کی حرکت ریکارڈ پر آجاتی ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں اگر ہو جاتی ہیں تو ان سے سبق سیکھنا چاہیے اور آئندہ احتیاط سے کام لینا چاہیے، فاسٹ بولر کے جارحانہ رویے کے مسائل گْرومنگ اکیڈمی میں حل ہونیچاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حارث رؤف کو آئندہ بہت احتیاط کرنی پڑے گی کیونکہ مستقبل میں اْس کا ایسا رویہ کوئی برداشت نہیں کرے گا جب کہ حارث کی اس حرکت پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا لیکن مینجمنٹ کی جانب سے حارث کا دفاع کرنا غلط ہے۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ کے دوران حارث کی گیند پر کامران غلام سے حضرت اللہ زازئی کا کیچ چھوٹ گیا تھا، اسی اوور میں حارث کی گیند پر فواد احمد نے کیچ پکڑا تو کامران غلام حارث سے خوشی سے ملنے آئے لیکن حارث نے انہیں تھپڑ دے مارا۔

Related Articles