منی پور کو ’مثالی ریاست‘ بنانے کے لیے بی جے پی کو دوبارہ منتخب کریں: شاہ

امپھال، فروری۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منی پور کو ایک ماڈل ریاست بنانے اور دوسری بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے پر کوکی انتہاپسندی کے مسئلے کو ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بدھ کو چوراچاند پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ منی پور میں بی جے پی حکومت کی واپسی لوگوں کے لیے بند، ناکہ بندی سے پاک زندگی کو یقینی بنائے گی اور منی پور ایک متحرک اور ترقی یافتہ ریاست کی طرف بڑھے گا۔انہوں نے کہا، ’’ہمیں مزید پانچ سال دیں، منی پور کے تمام کوکی انتہاپسند اب ہتھیار نہیں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت کوکی لوگوں کو ایک نئی زندگی دے گی۔وزیر داخلہ نے کہا، ’’ہم نے آسام میں بوڈو مسئلہ کا حل دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا اب کسی بھی بوڈو نوجوان کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں ہے بلکہ لیپ ٹاپ، صنعتوں اور گاڑیوں کی چابیاں ہیں۔انہوں نے کہا، "ہم نے کاربی علاقوں میں 9500 انتہا پسندوں کوخودسپردگی کرواکر قومی دھارے میں شامل کیا ہے۔”انہوں نے کہا، ’’میں نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو کوئی بند اور ناکہ بندی نہیں ہوگی اور این بیرن سنگھ حکومت نے میرے دعوے کو ثابت کردیا ہے‘‘۔مسٹر شاہ نے کہا، "بیرن سنگھ ایک فٹ بال کھلاڑی تھے، وہ جانتے ہیں کہ کس طرح گول کرنا اور دفاع کرنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ نے بدعنوانی کو روکا اورکنیکٹویٹی میں بہتری اورریاست کی ترقی کے لئے اہداف مقرر کئے۔انہوں نے کہا، “وزیر اعظم مودی نے منی پور کی ترقی پر زور دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے 40 سے زیادہ مرتبہ شمال مشرقی ریاستوں کادورہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منی پور کانگریس کے دور حکومت میں نشہ، بدعنوانی کے مسائل کا سامنا تھا لیکن اب بی جے پی حکومت نے کنیکٹیویٹی، بنیادی ڈھانچہ، صحت کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ نے ناکہ بندی کے کلچر کو ختم کرنے کے لیے سخت محنت کی اور خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے کام کیا۔مسٹرشاہ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے عدم استحکام، عدم تحفظ، انتہا پسندی دی، جبکہ بی جے پی حکومت نے اختراع، انفراسٹرکچر، انضمام پر زور دیا ہے۔وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ بی جے پی منی پور کو اسپورٹس ہب بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات اور ہتھیاروں سے پاک کراکر حکومت انہیں اولمپکس میں گولڈ میڈل دلانے کی کوشش کرے گی۔ مسٹرشاہ نے کہا کہ میرا بائی چانو، میری کوم، لیشرام سریتا جیسی کھلاڑیوں پرملک کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ منی پور میں 325 ایکڑ کے رقبے میں نیشنل اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور اس پر اب تک 800 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ یہ یونیورسٹی منی پور اور شمال مشرقی ریاستوں کے نوجوانوں کی مدد کرے گی۔ منی پور کے تمام 16 اضلاع میں کھیلو انڈیا سینٹر بھی قائم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں ایک اولمپک پارک بھی قائم کیا جائے گا۔ جہاں ریاستی سطح کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی بننے کی تربیت دی جائے گی۔

Related Articles