بی جے پی حکومت نے بندیل کھنڈ کو مایوس کیا:اکھلیش
جھانسی:فروری۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے اترپردیش کی یوگی حکومت سے بندیل کھنڈر کو پانچ سالوں میں صرف مایوسی ہاتھ لگنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے بعد ایس پی حکومت بننے پر اس علاقے میں پانچ سال سے التواء کا شکار ترقیاتی کاموں کو رفتار دی جائے گی۔اکھلیش نے پیر کو جھانسی کی گروٹھا اسمبلی سیٹ پر گرسرائے میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بندیل کھنڈ نے بی جے پی کو سابقہ انتخابات میں بھر پور ووٹ ملے تھے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی یوگی حکومت نے بندیل کھنڈ کو عوامی حمایت کے بدلے میں پانچ سال میں پوری طرح سے مایوس کیا ہے۔اکھلیش نے عوام کو آگاہ بھی کیا کہ یہ الیکشن اترپردیش کے مستقبل کو بچانے کا الیکشن ہے۔ انہوں نے کہا’ یہ الیکشن ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانے کا الیکشن ہے۔ اس لئے ایس پی کی حکومت بنانا ہی وقت کا تقاضہ ہے۔ایس پی صدر نے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں ایس پی۔ آر ایل ڈی اتحاد کو بے پناہ عوامی حمایت ملنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ آج ہورہے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں بھی اتحاد کی حمایت میں پہلے سے زیادہ ووٹنگ ہونے جارہی ہے۔انہوں نے اگلے مرحلے میں بندیل کھنڈمیں ہونے والی ووٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بندیل کھنڈ کی عوام نے پہلے ہمیشہ ایس پی کا ساتھ دیا لیکن سال 2014 اور 2017و2019 میں عوام نے بی جے پی کو پوری حمایت دی ۔میں جانتا ہوں تینوں بار بی جے پی نے جیت درج کی لیکن یہاں کی عوام کو کیا ملا؟ اس کے بدلے میں بندیل کھنڈ کو صرف مایوسی ہی ہاتھ آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بندیل کھنڈمیں آوارہ مویشیوں کے مسائل کا بھی یہ حکومت کوئی حل نہیں پیش کرسکی۔ گئو شالاؤں کے نام پر کروڑوں روپئے خرچ ہونے کے بعد بھی کسان کی فصل برباد ہوجاتی ہے۔ اکھلیش نے کورونا بحران میں بھی بندیل کھنڈ کے کسانوں کو ہوئی بھاری تکلیف کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا بحران میں ہزاروں کلو میٹر سے چل کر آئے مزدوروں کو شہروں کی سرحدیں بند کر کے انہیں گھر تک نہیں پہنچنے دیا گیا۔ ایسے میں ایس پی کے لوگوں نے پریشان مزدوروں کی مدد کی تھی۔اکھلیش نے کہا کہ بندیل کھنڈمیں سب سے زیادہ کسانوں نے خودکشیاں کی ہیں لیکن حکومت نے کوئی مدد نہیں کی۔ اوپر سے تین کالے قوانین لاکر کسانوں کی زمینیں بھی چھیننے کی کوشش کی۔ انہوں نے پانچ سال سے بھاری پریشانی جھیل رہے کسانوں ، مزدوروں،کامگاروں اور چھوٹے بڑے سبھی کاروباریوں کی مثال دیتے ہوئے بندیل کھنڈ کے ووٹروں سے ایس پی کو جتانے کی اپیل کی۔