مودی 23 جنوری کو انڈیا گیٹ چھتری میں نیتا جی کے ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے

نئی دہلی، جنوری۔انڈیا گیٹ گول چکر پر واقع تاریخی چھتری میں 23 جنوری کو نیتا جی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش پر ان کی ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی کی جائے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سے پہلے ٹوئٹ کرکے وہاں نیتا جی کا گرینائٹ مجسمہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ مسٹر مودی نے اپنے ٹویٹ میں لکھاکہ ایسے موقع پر جب پوری قوم نیتا جی کی 125 ویں یوم پیدائش منا رہی ہے، تب مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ انڈیا گیٹ پر گرینائٹ سے بنا ان کا عظیم الشان مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ یہ ان کے تئیں ہندوستان کے شکر گزاری کی علامت ہوگی۔‘‘ٹویٹر پر اعلان کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ ہولوگرام مجسمہ اس وقت تک موجود رہے گا جب تک وہاں نیتا جی کا عظیم الشان مجسمہ نصب نہیں ہو جاتا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں لکھاکہ جب تک نیتا جی کا عظیم مجسمہ مکمل نہیں ہوتا، ان کا ایک ہولوگرام مجسمہ اسی جگہ رہے گا۔ میں اس ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی 23 جنوری کو نیتا جی کی یوم پیدائش پر کروں گا۔ اس کے ساتھ انہوں نے چھتری کے نیچے گرینائٹ اور ہولوگرام کے مجسموں کی تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔سرکاری اطلاع کے مطابق انڈیا گیٹ پر نصب کیا جانے والا مجسمہ 28 فٹ کا ہوگا۔اس سے پہلے انڈیا گیٹ کی تاریخی چھتری کے نیچے برطانیہ کے بادشاہ جارج پنجم کا مجسمہ ہوا کرتا تھا۔ اسے 1968 میں حکومت نے وہاں سے ہٹا دیا تھا۔ہندوستان اس سال آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے۔

 

Related Articles