نڈال کورٹ پرواپسی سے خوش ہیں
میلبورن، جنوری ۔ اسپین کے رافیل نڈال نے ہفتہ کو کہا کہ وہ چوٹ اور بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد خوش ہیں اور آسٹریلین اوپن میں کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں۔ وہ ریکارڈ 21 ویں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ تقریباً چارماہ بعد پیرکی پریشانی سے ابرنے کے بعد 35 سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے گزشتہ ہفتے میلبورن میں اے ٹی پی 250 ٹیون اپ ایونٹ میں اپنا 89 واں کیریئر خطاب جیتا۔ 2009 میں آسٹریلین اوپن جیتنے والے نڈال کی آئندہ آسٹریلین اوپن کے لیے تیاریاں گزشتہ ماہ اس وقت متاثر ہوئیں جب انہوں نے ابوظہبی میں ایک نمائشی ٹورنامنٹ کے بعد کورونا کے لئے مثبت ٹیسٹ کیا۔ نڈال کچھ دنوں تک کافی بیمار رہے، وہ 2022 میں جلد ہی ٹینس کھیلناچاہتے تھے۔ نڈال نے نامہ نگاروں سے کہا، ’’میں یہاں واپسی کے واضح مقصد کے ساتھ آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر میں میچ جیتنے کے قابل ہوں تو میں ہر روز بہتری کررہا ہوں۔ میں یہاں آسٹریلیا میں گرینڈ سلیم میں دوبارہ کھیلنے کے تعلق سے پرجوش ہوں۔ فی الحال پریکٹس سے لطف اندوز ہو رہاہوں اور واپس آ کر خود کو ایک بارپھر ایک پیشہ ور ٹینس کھلاڑی کی طرح محسوس کر رہاہوں۔ میں اچھا ٹینس کھیل رہا ہوں۔ نڈال گزشتہ سال رولاں گیرومیں سیمی فائنل میں باہرہوگئے تھے اور چوٹ کی وجہ سے ومبلڈن اور یو ایس اوپن میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔ اس درمیان پانچ سیٹوں کے میچوں کے لئے اپنی فٹنس کے حوالے سے نڈال نے کہا کہ صحت مند رہنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ نڈال نے کہا، میں صرف دن بہ دن آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔ پریکٹس سے حالانکہ مدد ملتی ہے۔ میں ہر روز کورٹ میں وقت گزارتا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ یہ مثبت ہے۔ آسٹریلین اوپن کے ابتدائی راؤنڈ میں نڈال کا مقابلہ امریکہ کے مارکوس گیرون سے ہوگا۔ انہوں نے کہا، ہر میچ جو میں جیت سکتا ہوں وہ میرے اعتماد کے لیے بہت اہم ہے، یہ میری جسمانی کارکردگی کے لیے بہت اہم ہے۔ آپ نہیں جانتے کہ بعد میں کیا ہو سکتا ہے۔ میں اس خوبصورت کھیل سے لطف اندوزہوناچاہتاہوں اوران چیزوں کے لئے لڑتے رہناچاہتا ہوں، جن کے لئے میں گزشتہ 16 برسوں سے لڑرہاہوں۔