مالویکا کی سائنا پر شاندار جیت، سندھو اور لکشیا کوارٹرفائنل میں

نئی دہلی، جنوری۔چوتھی سیڈ سائنا نہوال جمعرات کے روز انڈیا اوپن میں مالویکا بنسوڑ کے ہاتھوں دوسرے راؤنڈ میں مسلسل گیموں میں شکست کھا کر انڈین اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سے باہر گئی ہیں جبکہ ٹاپ سیڈ پی وی سندھو اور تیسری سیڈ لکشیا سین نے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی ہے۔ مالویکا نے سائنا کو خواتین کے سنگلز کے دوسرے راونڈ میں 34 منٹ میں 9-21، 17-21 سے شکست دے کر کیریر کی سب سے بڑی جیت درج کی اور کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ مالویکا کا آخری آٹھ میں آکرشی کشیپ سے مقابلہ ہوگا۔ کشیپ نے دوسرے راونڈ میں کیورا موپاٹی کو 23 منٹ میں شکست دی ۔اس درمیان خواتین کے زمرے میں ٹاپ سیڈ سندھو نے ہموطن ایرا شرما کو30 منٹ میں 10-21 ، 10-21 سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی ہے۔سندھو کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ملک کی اشمیتا چلیہا سے ہوگا، جنہوں نے دوسرے راؤنڈ میں فرانس کی ییلے ہیوکس کو 30 منٹ کے دوسرے میچ میں 14-21، 17-21 سے شکست دی۔دریں اثنا، مردوں کے زمرے میں، چھٹی سیڈ سمیر ورما فرانس کے برائن ینگ کے خلاف پہلے گیم میں دو۔چار سے ہارنے کے بعد چوٹ کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ ٹاپ سیڈ سری کانت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے جبکہ ان کے حریف ڈنمارک کے کم برون نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔آٹھویں سیڈ ایچ ایس پرنے کو متھون منجوناتھ کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد باہر ہونے کے سبب آخری آٹھ میں جگہ مل گئی۔ پرنے کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے تیسری سیڈ اور عالمی چمپئن شپ کے کانسی کے فاتح لکشیا سین سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ دوسرے راؤنڈ میں لکشیا نے سویڈن کے فیلکس برسٹاڈ کو 41 منٹ میں 15-21، 12-21 سے ہرایا۔

Related Articles