شرومنی اکالی دل کے چار لیڈر بی جے پی میں شامل
نئی دہلی، دسمبر۔پنجاب سے شرومنی اکالی دل کے چار اہم لیڈر آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔پارٹی میں پنجاب اسمبلی انتخابات کے انچارج اور مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر شیخاوت اور بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر دشینت گوتم نے دوبار ایم ایل اے اور شرومنی اکالی دل کے چیف پارلیمانی سکریٹری رہے مسٹر جگدیپ سنگھ نکئی، شرومنی اکالی دل کے یوتھ یونٹ کے خزانچی رہے نوجوان لیڈر روی پریت سنگھ سدھو، چمکور صاحب سیٹ سے ایم ایل اے اور بار کونسل کے صدر رہے شمشیر سنگھ رائے اور سینی سماج کے ریاستی نائب صدر و ٹرانسپورٹ یونین کے سات سال صدر رہے مسٹرہربھاگ سنگھ دیسوماجرا کو بی جے پی کی رکنیت دلائی۔مسٹر شیخاوت نے کہا کہ کبھی پنجاب کا نام عوام کے تصور میں خوشحالی کے حوالے سے لیا جاتا تھا لیکن آج پنجاب ریت مافیا، منشیات کے کاروبار کے حوالے سے یاد کیا جانے لگاہے۔ کبھی ملک کے سب سے خوشحال ریاست میں شمار پنجاب ترقی کی سیڑھی میں 16ویں نمبر پر آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے یہ بااثر رہنما بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نئے پنجاب کی تعمیر کے لیے بی جے پی کے جھنڈے تلے آگئے ہیں اور ان کے تعاون سے پنجاب دوبارہ ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنے گا۔