مارنس لابوشین پہلی بار ٹیسٹ میں نمبر-1بلے باز بنے،بابراعظم ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ایک

دبئی، دسمبر۔ مارنس لابوشین اور بابر اعظم نے ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل کی بلے بازی کی درجہ بندی میں دوبارہ نمبر 1 پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ جب کہ لابوشین نےایشز میں اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ بابر اعظم نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اگست 2019 میں کھیلے گئے لارڈز ٹیسٹ میں اسٹیو اسمتھ کے متبادل کے طور ٹیم میں شامل کئے گئے لابوشین نے مسلسل ٹسٹ میچوں میں اپنی الگ ہی شناخت بنالی ہے۔ 20 ٹیسٹوں میں ان کی اوسط اس وقت 62.14 ہے، موجودہ ایشز سیریز میں بھی لابوشین زبردست فارم میں ہیں انہوں نے اب تک 74، 0*، 103 اور 51 رن بنائے ہیں جس کی بنیاد پر آسٹریلیا نے انگلینڈ پردو۔صفر کی برتری برقرار رکھی ہے۔ لابوشین نےسیریز کا آغاز نمبر 4 رینکنگ کے ساتھ کیا تھا ، اور اب وہ کیریئر کے بہترین ریٹنگ پوائنٹس (912) کے ساتھ پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر 1 بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے کپتان جو روٹ سے یہ مقام چھین لیا ہے جنہوں نے اس سیریز میں اب تک 0، 89، 62 اور 24 رن بنائے ہیں۔ روٹ اب دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں جبکہ اسمتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ کین ولیمسن چوتھے اور روہت شرما پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ دوسری جانب کچھ وقت پہلے خراب فارم کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نمبر 1 بیٹنگ رینکنگ سے محروم ہونے والے پاکستان کے کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نمبر ون بلے باز بن گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابر کے لیے پہلے دو میچ اچھے نہیں تھے جس میں انہوں نے 0 اور 7 رن ہی بنائے تھے۔ لیکن تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر نے 53 گیندوں پر 79 رن کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان کو تین ۔صفر سے جیت دلائی اور ایک بار پھر اپنی نمبر 1 پوزیشن حاصل کر لی۔ بابر کے سلامی پارٹنر محمد رضوان بھی ٹی ٹوئنٹی کی بلے بازی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ان دونوں تبدیلیوں کا مطلب ہے کہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اب چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ ہندوستان کے لوکیش راہل پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ گیندبازوں کی بات کریں تو مشل اسٹارک طویل عرصے بعد ایک بار پھر ٹاپ 10 میں شامل ہیں اور وہ نویں نمبر پر ہیں۔ اسٹارک نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 80 رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں پہلی اننگز میں چار وکٹیں بھی شامل ہیں۔ ٹیسٹ میں نمبر ایک گیندباز کا تاج ابھی تک پیٹ کمنز کے سر ہی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر ہندوستان کے روی چندرن اشون، تیسرے نمبر پر پاکستان کے شاہین آفریدی، چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی اور پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے تیزگیندباز جوش ہیزل ووڈ موجود ہیں۔

Related Articles