خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا ’جوائنٹ فرینڈشپ ڈے‘ کی تقریبات کے بعد ڈھاکہ پہنچے

نئی دہلی، دسمبر ۔ صدر رام ناتھ کووند کی 17-15 دسمبر تک بنگلہ دیش کے سرکاری دورے سے پہلے خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا دو روزہ دورے پر منگل کی صبح ڈھاکہ پہنچے۔ صدر رام ناتھ کووند کا بنگلہ دیش کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ یہ اطلاع وزارت خارجہ نے دی۔بنگلہ دیش کے خارجہ سکریٹری مسعود بن مومن نے خصوصی طیارے کے ذریعے پہنچنے والے اپنے ہندوستانی ہم منصب مسٹر ہرش وردھن شرنگلا کا خیر مقدم کیا۔ اس دورے کے دوران شرنگلا منگل کو روڈ ٹرانسپورٹ اور پلوں کے وزیر اور عوامی لیگ کے جنرل سکریٹری عبید القادر سے ملاقات کے علاوہ وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ ان کی ملاقات بدھ کو وزیر اعظم شیخ حسینہ سے بھی ہوگی اور اسی دن دہلی واپس آجائیں گے۔وزارت خارجہ نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات اس کی "پڑوسی پہلے” کی پالیسی کے مضبوط ترین ستونوں میں سے ایک ہے۔ اس خصوصی سال میں بنگلہ دیش اور ہندوستان مشترکہ طور پر اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال مکمل کر رہے ہیں۔خارجہ سکریٹری شرنگلا کا بنگلہ دیش کا دورہ بھی خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ بنگلہ دیش میں سابق ہائی کمشنر رہ چکے ہیں۔ ان کا بنگلہ دیش کا دورہ فرینڈشپ ڈے کی تقریبات کے ایک دن بعد ہورہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عوام سے عوام تعلقات اور قریبی سماجی و ثقافتی بندھنوں پر مبنی وسیع تر تعاون کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ مسٹر شرنگلا کا دورہ صدر رام ناتھ کووند کے ڈھاکہ کے سفری پروگرام کی تیاری کے علاوہ ہیلتھ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی ترقی سمیت سرحد پار منصوبوں پر بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

Related Articles