روس کی مدد سے امیٹھی میں پانچ لاکھ رائفلیں بنانے کے منصوبے کو منظوری

نئی دہلی، دسمبر۔ دفاعی شعبے میں خود انحصاری کو فروغ دینے کی سمت میں ایک بڑا اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے کوروا، امیٹھی، اترپردیش میں واقع روس کی مدد سے پانچ لاکھ اے کے-203 اسالٹ رائفلیں بنانے کے منصوبے کو منظوری دے دی ہے۔حکومت کے اعلیٰ ذرائع نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔یہ اعلان روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان پیر کو یہاں ہونے والی چوٹی کانفرنس سے دو دن پہلے ہوا ہے۔حکومت کے اس اقدام کو اتر پردیش میں اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اس پروجیکٹ کے شروع ہونے سے ریاست میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔فوج گزشتہ تین دہائیوں سے انساس رائفلز کا استعمال کر رہی ہے لیکن اب اسے جلد ہی 7.62 X 39 ملی میٹر کیلیبر کی اے کے-203 رائفل ملنے والی ہے۔مرکزی کابینہ کی سلامتی امور کی کمیٹی نے بدھ کو ہی اس منصوبہ کو منظوری دے دی تھی۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہوئی ڈیفنس ایکوزیشن کونسل کی میٹنگ میں ان رائفلوں کو خریدنے اور ملک میں تیار کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ اس کے لیے روس ٹیکنالوجی منتقل کرے گا۔سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ یہ دفاعی شعبے میں عالمی خریداری کے بجائے میک ان انڈیا پر زور دینے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ روس کے ساتھ دفاعی شعبے میں ہندوستان کی شراکت داری میں اضافہ کے آثار بھی ہیں۔اس منصوبے سے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کی اکائیوں اور دفاعی صنعتوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے جس سے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں بھی اتر پردیش کی شراکت میں اضافہ ہوگا۔اے کے-203 اسالٹ رائفل 300 میٹر کی مؤثر رینج فراہم کرتی ہے اور یہ ہلکی، مضبوط اور استعمال میں آسان ہے۔ اس سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں فوج کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔اس پروجیکٹ کے لیے ایک خصوصی وینچر انڈو۔رشین رائفلز پرائیویٹ لمٹیڈ قائم کیا گیا ہے۔صدر پیوٹن سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کو یہاں پہنچیں گے، اس سے قبل دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور دفاع کے درمیان ٹو پلس ٹو مذاکرات ہوں گے۔

Related Articles