ہرمنپریت بی بی ایل میں پلیئرآف دی ٹونامنٹ منتخب

میلبورن، نومبر۔ہندوستان وومینز ٹی 20 ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو اس سال خواتین بگ بیش لیگ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ منتخب کیا گیا ہے اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ میلبورن رینیگیڈس کے لئے شاندار سیزن کے بعد، ہرمن پریت کور نے یقین ظاہرکیا ہے کہ خواتین کے آئی پی ایل ہونے میں اب زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ہندوستانی ٹی-20 کپتان نے اس سیزن میں 66.50 کی اوسط اور 135.25 کے اسٹرائیک ریٹ سے تین میچ جیتنے والی نصف سنچریوں کے ساتھ 399 رنز بنائے۔ اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کے ساتھ ساتھ انھوں نے اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 15 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ ان کی اکنامی 7.46 کی رہی ہے اور انہوں نے پاور پلے اور ڈیتھ اوورز دونوں میں اہم اوورز ڈالے ہیں۔ وہ تین بار پلیئر آف دی میچ قرار پائیں اور ہر میچ میں امپائرز کی 3-2-1 ووٹنگ کی بنیاد پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی منتخب کی گئیں۔ان سے تین-تین ووٹ پیچھے رہیں پرتھ اسکارچرس کی بیتھ مونی اور صوفی ڈیوائن۔ اس سے پہلے خاتون بی بی ایل میں ڈیوائن نے دوبار اوران کی نیوزی لینڈ ساتھی ایمی سیٹرتھویٹ نے ایک بار یہ خطاب جیتا ہے۔ ہرمنپریت یہ خطاب جیتنے والی صرف تیسری غیرملکی کھلاڑی ہیں۔ہرمن پریت نے خواتین کے آئی پی ایل کے بارے میں کہا، "ہم نے کافی عرصے سے یہ امید رکھی ہے کہ خواتین کا آئی پی ایل شروع ہو گا، اگر ہم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو گھر پربلائیں گے توہمارے گھریلو کھلاڑیوں کوان کے ساتھ کھیلنے کا فائدہ ملے گا۔ ہمارے ہاتھ میں ہے کہ اہم بس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں اورایسا ہم نے کیا ہے۔ باقی سب کچھ بورڈ کے ہاتھوں میں ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ اس کاآغاز کب اورکیسے ہوگا اورمجھے یقین ہے کہ وہ خاتون کرکٹ کے لئے کچھ ضرورکریں گے۔

Related Articles