بحریہ کی تقریب میں راجناتھ نے ’کچھ‘ غیرذمہ دار ممالک کی تنقید کی

ممبئی. نومبر۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج ممبئی میں ایک تقریب میں دیسی ساختہ ڈسٹرائرشپ آئی این ایس وشاکھاپٹنم کو ہندوستانی بحریہ کے حوالے کیا۔ اس دوران انہوں نے چین کا نام لیے بغیر اسے نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ غیر ذمہ دار ممالک خود کوبڑھ چڑھ کر ظاہر کرنے کی کوشش میں اقوام متحدہ کے سمندری قانون کے معاہدہ میں بتائے گئے ضوابط کو من مانے طریقے سے وضاحت کررہے ہیں۔وزیر دفاع نے آئی این ایس وشاکھاپٹنم کو سمندری میدان میں ملک کی بڑھتی ہوئی طاقت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے اسے وزیر اعظم نریندر مودی کے میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ کے ویژن کو حاصل کرنے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔انہوں نے دیسی طیارہ بردار بحری جہاز وکرانت کے بارے میں بھی بات کی، جو اس وقت سمندری ٹرائل سے گزر رہا ہے اور توقع ہے کہ اگلے سال کے آخر تک اسے بحریہ میں شامل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، “آئی این ایس وکرانت کی ترقی بحریہ کی مقامی کوششوں میں بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔ کووڈ کے باوجود جہاز نے اپنا پہلا ٹرائل مکمل کر لیا ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا، "اس پرچالیس لڑاکا طیارے اتر سکتے ہیں۔ یہ اینٹی ایئرکرافٹ، اینٹی سب میرین اورلینڈ اٹیک میزائیلوں سے لیس ہے۔ یہ طیارہ بردار بحری جہاز بحر ہند سے لے کر بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس تک ہماری رسائی میں اضافہ کرے گا۔وزیر دفاع نے دفاع کے میدان میں مقامی بنانے پر بھی زور دیا اورہندوستانی بحریہ کے خود انحصار بننے کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مختلف ہندوستانی شپ کارخانوں (شپ یارڈ) میں 39 بحری جہازاورآبدوزیں بنائی جارہی ہیں، جو یہ ثابت کرتا ہے کہ بحریہ کا شعبہ بھی ’خودکفیل ہندوستان‘ کے ہدف کو حاصل کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔دریں اثنا، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرمبیر سنگھ نے کہا کہ وشاکھاپٹنم کی شمولیت سے سمندری حدود میں ہندوستانی بحریہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے سمندر میں قابل اعتماد موجودگی برقرار رکھنے اور ملک کے سمندری مفادات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔آئی این ایس وشاکھاپٹنم پروجیکٹ 15بی کا پہلا اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل جہاز ہے۔ اسے ہندوستانی بحریہ کی اندرونی تنظیم ڈائریکٹوریٹ آف نیول ڈیزائن نے مقامی طور پر ڈیزائن کیا ہے۔ممبئی میں واقع مزگاوں ڈاک لمیٹڈ کے ذریعہ تیارشدہ میزائل ڈسٹرائر کی لمبائی 163 میٹر، چوڑائی 17 میٹر اور وزن 7400 ٹن ہے۔ یہ ہندوستان میں اب تک بنائے گئے سب سے طاقتور جنگی جہازوں میں سے ایک ہے۔آئی این ایس وشاکھاپٹنم کو دیسی اسٹیل ڈی ایم آر 249 اے کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ یہ ہندوستان میں بنائے گئے سب سے بڑے ڈسٹرائر میں سے ایک ہے۔ جہاز میں تقریباً 75 فیصد مواد مقامی ہے۔

 

Related Articles