بھوپال کے اسپتال میں آتشزدگی، چار بچوں کی موت

بھوپال، نومبر۔ بھوپال کے سرکاری حمیدیہ اسپتال کے کیمپس میں واقع کملا نہرو اسپتال کی تیسری منزل پر واقع چائلڈ وارڈ (اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ) میں آگ لگنے سے چار بچوں کی دردناک موت ہوگئی اور باقی تقریباً 36 بچوں کو ہنگامی حالات میں دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کرکے علاج کیا جا رہا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق آگ گزشتہ رات نو بجے کے قریب اسپتال کی تیسری منزل پر واقع انفینٹ وارڈ کے وینٹی لیٹر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور تیزی سے وارڈ کے کچھ حصوں میں پھیل گئی۔ جس سے وارڈ کا سامان جل گیا اور اس میں دھواں پھیل گیا۔دریں اثناء ڈاکٹروں اور نرسوں وغیرہ کی مدد سے بچوں کو دوسری جگہ پر محفوظ رکھنے کی کوشش کی گئی تاہم چار بچوں کو بچایا نہ جا سکا۔ ان بچوں کی عمریں ایک دن سے لے کر نو دن تک تھیں۔ باقی 36 بچوں کو اسپتال کے متاثرہ وارڈ سے منتقل کر دیا گیا ہے اور سبھی کا علاج جاری ہے۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پالیا۔ واقعہ کے فوراً بعد کیمپس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور تمام بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ لیکن جلد ہی خبر آئی کہ تین بچوں کی موت ہو گئی ہے۔ بعد ازاں مرنے والوں کی تعداد چار ہو گئی۔ادھر اسپتال انتظامیہ بچوں کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان بچوں میں سے تقریباً نصف درجن کو بہتر علاج کے لیے شہر کے ایک اور سرکاری اسپتال بھیجے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے واقعہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے فوری طور پر ایڈیشنل چیف سکریٹری کی سطح کے ایک افسر کو یہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔ انہوں نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Related Articles