جموں وکشمیر کے سابق رکن اسمبلی دہلی میں مردہ ملے
نئی دہلی، ستمبر ,جموں۔کشمیر قانون ساز کونسل کے سابق رکن ترلوچن سنگھ وزیر قومی راجدھانی میں موتی نگر تھانہ کے بسائی داراپور کے ایک فلیٹ میں مردہ ملے ہیں۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
مسٹر وزیر گردوارہ پربندھک کمیٹی اور جموں۔کشمیر ٹرانسپورٹ یونین کے صدر تھے۔انہیں اس وقت کی جموں۔کشمیر ریاست میں نیشنل کانفرنس سے قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا گیا تھا۔
قومی دارالحکومت کے مغربی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ارویجا گوئل نے آج بتایا کہ موتی نگر تھانہ کے بسائی داراپور کے ایک فلیٹ میں ایک لاش کے بارے میں اطلاع ملی۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو ایک لاش مسخ شدہ حالت میں ملی جس کی شناخت ترلوچن سنگھ وزیر کے طورپر ہوئی ہے۔وہ جموں کے رہنے والے ہیں۔