ورلڈ کپ کیلئے سب پرجوش ہیں لیکن ابھی پاکستان سے سیریز پر فوکس ہے: ڈیرل مچل
راولپنڈی،اپریل۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ڈیرل مچل کا کہنا ہے کہ یہ ورلڈ کپ کا سال ہے جس کیلئے سب پرجوش ہیں لیکن ابھی پاکستان سے سیریز پر فوکس ہے۔ڈیرل مچل نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو صفر خسارے سے کم بیک خوش آئند تھا۔انہوں نے کہا کہ بطور اسکواڈ خوش ہیں کہ ہر میچ میں پہلے سے بہتر پرفارم کررہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتوحات سے حوصلہ ملا، اب نئے فارمیٹ میں مقابلہ ہے ہم پر جوش ہیں، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔کیوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ بطور گروپ ہمارا ہدف ہر میچ میں خود کو بہتر کرنا ہے، یہاں نیوزی لینڈ کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ون ڈے سیریز میں بھی کوشش کریں گے کہ بہتر کھیل کر میچز جیتیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم زیادہ دور کے ایونٹس کا نہیں سوچتی ، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ حال میں رہیں، اس لیے نظریں پہلے ون ڈے پر ہیں،یہ ورلڈ کپ کا سال ہے جس کیلئے سب پرجوش ہیں، لیکن ابھی پاکستان سے سیریز پر فوکس ہے۔ڈیرل کے مطابق اس بار ون ڈے سیریز میں پہلے جیسی وکٹیں نہیں ہوں گی، جب پہلے پاکستان میں ون ڈے کھیلے تھے تو موسم مختلف تھا، امید ہے ففٹی اوور کرکٹ میں بھی ہم کنڈیشنز کو جلد سمجھ لیں گے۔نیوزی لینڈ کے کرکٹر کا کہنا تھا کہ ذاتی خواہش یہ ہے کہ ہم یہاں مزید کامیابیاں حاصل کریں۔