حج 2023 کیش لیس ہوسکتا ہے : اسمرتی ایرانی
نئی دہلی، جولائی۔ حج 2023 کی تیاریاں پرزور طریقے سے جاری ہیں، جس کے تحت ایک طرف جہاں عازمین حج کی سہولت کے لئے اسٹیٹ بنک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے فوریکس کارڈ کا پہلی بار انتطام کیا جارہا ہے، وہیں دوسری طرف ان کے لئے لازمی انشورنس اسکیم کا بھی انتظام کیا جارہا ہے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور اسمرتی ایرانی نے آج یہاں ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اب اسٹیٹ بنک آف انڈیا کے تعاون سے عازمین کے لئے فوریکس کارڈ کا انتظام کر رہی ہے ،جس کے ذریعے وہ بغیر کیش رقم کے ہی سفر حج پر جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سفر حج کے لئے ناموں کا انتخاب ہونے پر ہر عازم حج کو روانگی سے کئی ماہ قبل حج کمیٹی کے پاس 2100 ریال کے بقدر پیسے جمع کرانے پڑتے تھے جو انہیں امبارکیش پوائنٹ پر سفر حج پر روانگی کے وقت 2100 ریال کی شکل میں واپس ملتے تھے۔ اور مکہ و مدینہ میں یہ پیسہ ختم ہوجانے پر عازمین کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ مگر اب اس کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ عازمین کو ایس بی آئی کے فوریکس کارڈ کا سہولت فراہم کرکے انہیں کیش رقم لیجانے سے نجات دلائی جائے گی۔محترمہ ایرایرانی نے عازمین کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں برس سفر حج پر جانے والے خواہشمند ایک لاکھ 84 ہزار افراد نے درخواستیں دی تھیں، جن میں سے ایک لاکھ 40 ہزار افراد کے نام آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعے سلیکٹ ہوئے ،جنہیں فوراً ہی ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین میں 70 یا اس سے زائد عمر کے 10621 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا جبکہ بغیر محرم کے 4314 خاتون عازمین کو منتخب کیا گیا اور 45 ہزار افراد کا نام ویٹنگ لسٹ میں آیا۔مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ اس سال عازمین کے لئے مرکزی حکومت انشورنس کا بھی انتظام کر رہی ہے تاکہ سفر حج کےدوران حادثہ ہونے کی صورت میں متاثرین کو مالی مدد فراہم کرائی جاسکے۔ اس کے لئے انشورنس کمپنیوں سے کم از کم پریمئم پر انشورنس الانے کے لئے بات چیت جاری ہے۔ یہ انشورنس کرانا ہر عازم کے لئے لازمی ہوگا۔ایس بی آئی کے منیجنگ ڈائریکٹر آلوک چودھری نے فوریکس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے تمام امبارکیشن پوائنٹ پر ان کے نوڈل افسران موجود ہوں گے ، جو عازمین کے لئے کیش اور فوریکس سے متعلق سہولیات دستیاب کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریزرو بنک آف انڈیا (آربی آئی ) کے ڈائریکشن کے مطابق ہر عازم حج دس ہزار ڈالر کی رقم فوریکس کارڈ میں ڈال سکتا ہے اور عازمین سعودی عرب پہنچ کر اپنے خرچ اور ضروریات کے لئے وہاں کے اے ٹی ایم سے ریال نکال سکتا ہے۔ اس کے علاوہ عازمین کو یہ سہولت بھی دستیاب ہوگی کہ سعودی عرب میں پیسہ ختم ہونے کی صورت میں ان کے گھر والے ہندوستان سے فوریکس کارڈ میں مزید پیسہ ڈالکر انہیں پریشانی سے بچاسکتے ہیں۔مسٹر آلوک چودھری نے بتایا کہ ہر امبارکیشن پوائنٹ پر ایس بی آئی کے نوڈل افسر موجود ہوں گے اور عازمین حج کے پاس بھی ان نوڈل افسران کی لسٹ دستیاب ہوگی۔