مالیوال نے لڑکی کے اغوا کی کوشش پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا

نئی دہلی، جنوری۔دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے دارالحکومت میں ایک 19 سالہ لڑکی کے اغوا کی کوشش کے معاملے میں بدھ کے روزدہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا۔محترمہ مالیوال نے کہا، ’’ہم ایسے معاملات روزانہ دیکھ رہے ہیں۔ پتہ نہیں عورتوں اور بچیوں پر یہ ظلم کب رکے گا۔ ایسے معاملات سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے نظام کو مزید موثر اور مضبوط بنانا ہوگا۔ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ لڑکی کو سیکیورٹی فراہم کی جائے کیونکہ اس شخص نے اس پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی دی ہے۔انہوں نے اس معاملے میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ایسٹ ڈسٹرکٹ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے اس معاملے میں کی گئی ایف آئی آر کی کاپی کے ساتھ اس معاملے میں گرفتاریوں کے بارے میں معلومات مانگی ہے۔ کمیشن نے لڑکی کو فراہم کی گئی سیکیورٹی کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ کمیشن نے اس معاملے میں 6 جنوری تک کارروائی کی رپورٹ طلب کی ہے۔کمیشن نے اس معاملے میں میڈیا رپورٹس کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 31 دسمبر کو دارالحکومت کے پانڈو نگر علاقے میں ایک شخص نے لڑکی کو زبردستی اپنی کار میں گھسیٹ کر اغوا کرنے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکی نے اس کی مخالفت تو ملزم نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ لڑکی کو گاڑی میں کھینچتے ہوئے اسے چوٹیں آئیں۔

 

Related Articles